لندن (آئی این پی) برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما نعیم بخاری پر کسی نے حملہ نہیں کیا۔ ترجمان برطانوی پولیس کے مطابق ان کے پاس نعیم بخاری پر کسی حملے کا ریکارڈ موجود نہیں۔ دوسری جانب نعیم بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں اپنے اوپر حملے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سوگئے تھے، اچانک اٹھنے کی وجہ سے گرگئے اور زخمی ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرنے کے باعث ان کی چار پسلیاں ٹوٹ گئیں، ڈاکٹرز نے ان کا ایم آر آئی بھی کیا ہے تاہم وہ بے ہوشی کی وجہ جاننا چاہتے ہیں۔ نعیم بخاری کے مطابق انہیں کسی نے دھکا نہیں دیا تھا وہ خود گرے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ لندن نمل یونیورسٹی کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے آئے تھے، انہیں اس سلسلے میں امریکا بھی جانا تھا تاہم اب ان کی وہاں جانے کی ہمت نہیں۔ تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ نعیم بخاری کو سر اور پسلیوں والے حصے میں چوٹیں آئی ہیں جس پر انہیں لندن کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
نعیم بخاری پر کسی حملے کا ریکارڈ موجود نہیں:برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس ‘سو گیا تھا، اچانک اٹھنے کی وجہ سے گرگیا 4پسلیاں ٹوٹ گئیں:، رہنما پی ٹی آئی
May 07, 2018