اسلام آباد/ پشاور/ کراچی (خصوصی نمائندہ + بیورو رپورٹ + صباح نیوز) پولیو کے تدارک کے لیے قائم ادارے، نیشنل ایمرجنسی اپریشنز سینٹر نے کہا ہے کہ آج سے ملک بھر میں پولیو ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت 5 سال تک کی عمر کے 2 کروڑ 38 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ وزیر اعظم کی ترجمان برائے پولیو تدارک پروگرام، سینیٹر عائشہ رضا فاروق کا کہنا ہے کہ صحت کے دوسرے شعبوں کی طرح پولیو کے تدارک کی اس مہم کو بھی کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے تاکہ اس موذی وائرس کا پاکستان کی سرحدوں سے ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جاسکے۔ پشاور سے بیورورپورٹ کے مطابق وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) میں پولیٹیکل انتظامیہ، کمشنرز، ایجنسی سرجنز اور قانون نافذکرنیوالے اداروں کی نگرانی اور سرپرستی میں انسداد پولیو مہم آج (پیر کے روز) سے شروع ہورہی ہے۔ یہ تین روزہ انسداد پولیو مہم 9 مئی تک جاری رہے گی جس کے بعد رہ جانے والے بچوں کو پولیو قطرے پلوانے اور سرویلنس کا کام جاری رکھا جائے گا۔پورے فاٹا میں 5 سال سے کم عمر کے 9 لاکھ 99 ہزار 50 بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔ ان بچوں تک ویکسین پہنچانے میں کل 4553 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ صباح نیوز کے مطابق کراچی میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم (آج) پیر سے شروع ہوگی اور مہم میں 19 لاکھ زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس بات کا فیصلہ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ کراچی کے 170 یونین کونسلوں میں مہم پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انسداد پولیو مہم کے لئے 8 ہزار پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ 5 سال اور اس سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ہر مہم میں پلائیں۔
فاٹا، کراچی سمیت ملک بھر میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز
May 07, 2018