وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت فوج کے بڑھتے ہوئے ظالمانہ کارروایوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی ہے عالمی برادری بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں اور عالمی رہنما کشمیریوں کو مظالم سے نجات دلانے کے لیے متحد ہوں اور اقوام متحدہ کشمیر میں خون کی ہولی روکنے میں کردار ادا کرے ، وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے تاجروں کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان میں ان کی سرمایہ کاری محفوظ ہوگی اور انہیں ان کی سرمایہ کاری پر خاطر خواہ منافع ملے گا۔5 سالہ دورِ حکومت میں چیلنجز کے باوجود ترقی کی جانب بڑھے، تاریخ میں دوسری بار ایک منتخب حکومت اپنی مدت مکمل کررہی ہے، خصوصی اقتصادی زون سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں، وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہارمقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی مظالم پر جاری بیان ، اسلام آباد میں سرمایہ کاری کانفرنس اور عالمی میری ٹائم سیمپوزیم سے خطاب کے دوران کیا، کشمیر میں بھارتی مظالم پر رد عمل میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں منظم بربریت پر گہری تشویش ہے مقبوضہ کشمیر میں ہلاکتیں باعث تشویش ہیں بھارتی قابض فوج نے کشمیریوں کے خلاف مظالم کی نئی مہم شروع کی ہے حریت قیادت کو گرفتار اور نظر بند کیا جا رہا ہے پرامن مظاہرین کو فائرنگ اور پیلٹ گنز سے نشانہ بنایا جا رہا ہے بھارتی ریاستی دہشتگردی سے 36گھنٹوں میں 14 کشمیری شہید ہو گئے، دنیا بھر کے لوگ بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں عالمی رہنما کشمیریوں کو مظالم سے نجات دلانے کے لیے متحد ہوں اقوام متحدچہ کشمیر میں خون کی ہولی روکنے میں کردار ادا کرے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارتی ریاستی دہشتگردی کی شدید مذمت کر تا ہے، کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے،علاوہ ازیں پیر کو اسلام آباد میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہاکہ اپنی سرمایہ کار دوست پالیسیوں، جغرافیائی حیثیت ،مراعات اور بنیادی ڈھانچے ،روابط کی بہتری سے پاکستان سرمایہ کاری کے لئے ایک پرکشش ملک بن گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ایل این جی کی درآمد کے ذریعے گیس کی قلت پر بھی قابو پا لیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں دوسری بار ایک منتخب حکومت اپنی مدت مکمل کررہی ہے۔ ہماری حکومت نے پاکستان سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کر دیا، ملک میں پہلی بارٹیکس ریفارمزکی گئی ہیں، 1700 کلومیٹرطویل موٹرویز بنا رہے ہیں، اقتصادی راہداری علاقائی روابط کا وژن ہے، اقتصادی زونز کیلئے بھی سرمایہ کاری کی جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے، پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے پہلی ترجیح بن رہا ہے، سی پیک کی مسابقت کی فضا معاشی ترقی کا سبب بنے گی۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملکی ترقیاتی پالیسیوں پراتفاق رائے سے عمل پیرا ہیں ملک میں بنیادی ڈھانچے کا فقدان تھا جس کی تعمیرمیں ٹھوس سرمایہ کاری کی، ملک میں گیس کی قلت کاخاتمہ کیا، بجلی کی قلت پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کیے، پاکستان کی تیز رفتار ترقی کیلئے شرح نمو کو 9 فیصد تک لے جانا انتہائی ضروری ہے،اس سے قبل اسلام آباد میں بحرہند کے خطے کی جغرافیائی معیشت پر ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کے اثرات کے موضوع سے بحریہ یونیورسٹی کے زیراہتمام عالمی میری ٹائم سیمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون سے زیادہ سے زیادہ فوائد کے حصول کے لئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں اور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز ملک کے تقریبا اس چالیس فیصد حصہ پر مشتمل ہیں جو پسماندہ رہا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں تقریبا اسی فیصد تجارت سمندر کے راستے ہورہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان او ر وسطی ایشیائی ملکوں کیلئے سمندر تک رسائی کے لئے بات چیت جاری ہے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ رواں سال مجموعی ملکی پیداوار کا تقریبا چھ فیصد ہدف حاصل کرلیا جائے گا اور بنیادی ڈھانچے توانائی اورمواصلاتی شعبوں کی ترقی سے یہ شرح نو فیصد تک پہنچ جائے گی، وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان کے پاس خطے کے تجارتی حجم میں اضافے کیلئے بحر ہند تک اپنی رسائی کو بروئے کار لانے کا موقع ہے۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں بحریہ کے سربراہ ایڈ مرل ظفرمحمود عباسی نے کہا کہ متعدد چیلنجوں کے باوجود پاک بحریہ نے سمندری حدود کے مفادات کے تحفظ کے لئے ایک مضبوط حکمت عملی تشکیل دی ہے۔ بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ وزیراعظم نے گوادر میں ایک جدید شپ یارڈ کے قیام کی منظوری دی ہے جو پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا۔ایڈ مرل ظفرمحمود عباسی نے اس اعتماد کااظہارکیا کہ ایک خطہ ایک سڑک منصوبے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سے خطیکی مشترکہ خوشحالی کے ہدف کے حصول میں مدد ملے گی۔بیجنگ یونیورسٹی کے شعبہ مطالعہ پاکستان کیڈائریکٹر پروفیسرTang Mengsheng نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان اورچین کی سماجی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہاکہ پاکستان کو پاک چین اقتصادی راہداری کے اہم منصوبے کے ذریعے ایک خطہ ایک سڑک پروگرام کو دنیا کے دوسرے حصوں سے منسلک کرنے کے باعث اہم مقام حاصل ہے۔
وزیر اعظم کا مقبوضہ کشمیر میں منظم بھارتی بربریت پر اظہار تشویش
May 07, 2018 | 18:26