عمران ، نواز دونوں اقتدار کے بھوکے , ذاتی مفاد کیلئے عوام کا سودا کرلیتے ہیں مگر میں عوامی مفاد کی جنگ لڑ رہا ہوں:بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اور نوازشریف ایک ہی ”سکے“ کے دو رخ ہیں ، دونوں اقتدار کے بھوکے ہیں، دونوں اقتدار عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنے ذاتی مقاصد کیلئے حاصل کرنا چاہتے ہیں ،نوازشریف اور عمران خان ذاتی مفاد کےلئے عوام کا سودا کرلیتے ہیں مگر میں عوامی مفاد کی جنگ لڑ رہا ہوں، عمران خان بتائیں انہوں نے خیبرپختونخواہ میں کونسی نئی سرکاری یونیورسٹی بنائی، کونسانیا سرکاری ہسپتال بنایا ؟ کونسا یکساں تعلیمی نظام رائج کیا؟کچھ بھی نیا خیبرپختونخوا میں نہیں کیا وہی پرانا کے پی کے چل رہا ہے، (ن)لیگی حکومت کسان دشمن ہے جو کسانوں کو بار دانہ نہیں دے رہی ، غریب کسان خوشحال نہیں ہوگا تو پاکستان کیسے خوشحال ہوگا؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاﺅالدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا مگر ن لیگ کی حکومت کسانوں کو باردانہ نہیں دے رہی جس سے پاکستان کا زرعی شعبہ تباہ ہورہا ہے ، جیسے بڑے بڑے پراجیکٹ اور مہنگے منصوبے لگانے سے ملک ترقی نہیں کرتا ویسے ہی امیروں کو زیادہ امیر بنانے سے ملک خوشحال نہیں ہوجاتا مگر ن لیگ یہی کچھ کررہی ہے اس وجہ سے آج کسان رو رہا ہے ، غریب مر رہا ہے اور مزدور ”رل“ رہا ہے یہ لوگ کونسی خوشحالی کی بات کرتے ہیں ؟بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب خلائی مخلوق کی بات کرتے ہیں جب یہ لوگ ان کی مدد کریں تو پھر ٹھیک ہیں اور جب نہ کریں تو پھر خلائی مخلوق ہو گئی اور دوسری طرف عمران خان ہیں جو دو دو گھنٹے تقریر کرتے ہیں مگر کام کی ایک بات بھی نہیں کرتے ، خان صاحب کا نہ تو کوئی نظریہ ہے اور نہ ان کے پاس کوئی منشور ہے وہ صرف ہوائی فائرنگ کرتے ہیں ، میں خان صاحب سے پوچھتا ہوں کہ انہوںنے کے پی کے میں کونسا کام کیا ہے ، کیا کوئی نئی سرکاری یونیورسٹی بنائی، کوئی کالج بنایا ، کوئی نیا ہسپتال بنایا اور کونسا یکساں تعلیمی نظام رائج کیا ؟ کیا انہوں نے غریب خواتین کو بااختیار اور خوشحال بنانے کیلئے کوئی پروگرام شروع کیا ؟ عمران خان نے کچھ بھی نہیں کیا اور نہ وہ کچھ کرسکتے ہیں کیونکہ ان کو غریبوں کا کوئی درد نہیں ہے ، نوازشریف اور عمران ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ، دونوں اقتدار کے بھوکے ہیں اور یہ اقتدار غریبوں کے لئے نہیں چاہتے یہ صرف اپنی ذات اور حواریوں کے لئے چاہتے ہیں ۔پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی سیاست کی ہے کیونکہ بھٹو نے نعرہ لگایا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور خدا کی قسم میں آج بھی بھٹو کے اس نظریہ پر قائم ہوں اور طاقت کا سرچشمہ عوام کو سمجھتا ہوں اور میں کبھی عوام سے دور نہیں رہ سکتا ، میں نہ ہمیشہ آپ کے ساتھ رہوں گا ۔انہوںنے کہاکہ میری طاقت ملک کے غریب عوام ہیں اور میں اپنی طاقت کے بل بوتے پر آگے بڑھو گا ۔نوازشریف اور عمران خان ذاتی مفاد کے لئے عوام کا سودا کرلیتے ہیں مگر میں عوامی مفاد کی جنگ لڑ رہا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ میں نے جب پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی تو میں نے پارٹی کی ازسر نو تشکیل شروع کی اور میں نے نوجوانوں کو آگے لانے کا تہیہ کررکھا ہے اور غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کا تہیہ کررکھا ہے میری ہر پالیسی نوجوانوں اور غریبوں کیلئے ہے ۔

ای پیپر دی نیشن