اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملتان میٹرو بس میں بے ضابطگیوں کے ملزم کی سیکرٹری داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر تے ہوئے10 دن میں تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔ عدلت عالیہ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سیکرٹری داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ ملتان میٹرو بس میں بے ضابطگیوں کے ملزم عبد القادر نے نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پرتوہین عدالت کی درخواست دائر کی ۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب کی سفارش پر ملتان میٹرو بس انکوائری میں درخواست گزار کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔ عدالت نے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے وزارت داخلہ کو کیس بھجوایا اور درخواست گزار کی شکایت دور کرنے کا حکم دیا مگر وزارت داخلہ نے عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا لہذا سیکرٹری داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عدالت نے سیکرٹری داخلہ سے 10 دن میں تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔
ملتان میٹرو بس بے ضابطگی، توہین عدالت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری
May 07, 2019