اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی )رمضان المبارک توبہ و استغفار، رحمت، بخشش و مغفرت، دعائوں کی قبولیت،اللہ کا خاص قرب حاصل کرنا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے رمضان المبارک امت محمدیہ ﷺ کو بخشنے کا ذریعہ ہے۔ رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے ، ہمیں چاہئے کہ عبادت و ریاضت ، توبہ و استغفار کے ذریعے اللہ تعالیٰ کو راضی کرتے ہوئے اپنی بخشش اور مغفرت کا سامان کریں۔ان خیالات کا اظہار انصار الامہ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل نے اپنے اخباری بیان میں کیا۔سربراہ انصار الامہ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے سابقہ امتوں کی طرح امت محمدیہ ؐ پر بھی روزے فرض کیے تاکہ یہ امت تقویٰ اور پرہیز گاری حاصل کرے۔ یہ وہی مبارک مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب کم از کم ستر گنا بڑھا دیتے ہیں۔ اس مہینے میں امت محمدیہؐ کیلئے جہنم کے دروازے بند جبکہ جنت کے دروازے کھول کر دیئے جاتے ہیں اور سرکش شیاطین کو بھی زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان امت کے لئے وحدت کا پیغام لے کر آتا ہے۔