لاہور(نیوزرپورٹر+ کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے فروٹ سبزی منڈی بادا می باغ کا دورہ کیا ۔ڈی جی انڈسٹری پنجاب ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بھی ہمراہ تھے ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے منڈی میں نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے منڈ ی میں آلو کی نیلامی اپنی نگرانی میں کروائی ۔ انہوں نے فروٹ و سبزی منڈی آفس میں آڑھتی حضرات کے ساتھ میٹنگ کی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو رمضان المبارک میں ریلیف سب نے ملکر فراہم کرنا ہے ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے رمضان بازاروں کے شٹل دورے کیے۔دریں اثناء ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ضلعی انتظامیہ لاہور نے فئیر پرائس شاپ پر سبسڈی دی جانے والی اشیاء کے ریٹس جاری کر دئیے ہیں۔علاو ازیں ڈی سی لاہور نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں نکلیںاور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کریںاورسرکاری نرخ ناموں پر فروخت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ گراں فروشی پر سخت کریک ڈائون کریں اور جرمانے عائد کریں۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گراں فروشی پر 35 افراد کیخلاف مقدمات درج کرائے اور36 افراد کو حراست میں لے لیاجبکہ37200روپے کے جرمانے بھی عائد کئے۔