لاہور (نامہ نگار) پنجاب میں اشتہاری ملزمان کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی ، ناقص تفتیش کے باعث سیکڑوں اشتہاری بیرون ملک فرار ہو گئے ۔پنجاب پولیس کی ایک رپورٹ کے مطابق اشتہاری ملزمان کے حوالے سے لاہور سرِفہرست ہے، جہاں اشتہاری ملزمان کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔گوجرانوالہ میں اشتہاری ملزمان کی تعداد 3000، فیصل آباد میں 2000 جبکہ شیخوپورہ میں 1200 سے زائد ہے۔ان اشتہاری ملزمان میں دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل اور اغوا کے مقدمات میں ملوث ملزمان شامل ہیں۔ کئی اشتہاری ملزمان کالعدم جماعتوں میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں، جبکہ سیکڑوں کے بیرون ملک فرار کا خدشہ ہے۔آئی جی پنجاب عارف نواز نے آر پی او کانفرنس میں ان اشتہاری ملزمان کی گرفتار ی کے لیے احکامات جاری کر دیئے اور ٹاپ 20 اشتہاری ملزمان کو گرفتار نہ کرنے والے پولیس افسروں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دے دیا۔آئی جی پنجاب عارف نواز نے نا صرف ان اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کی ہدایت کر دی ہے بلکہ ان کا ڈیٹا سی ٹی ڈی سے بھی شیئر کرنے کا حکم دے دیا۔