آئی ایم ایف روپے کی قیمت میں مزید کمی کیلئے دبائو ڈال رہا ہے: سراج الحق

May 07, 2019

اسلام آباد (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پارلیمنٹ لاجز کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو براہ راست آئی ایم ایف کے حوالے کردیا گیا ہے اور سٹیٹ بنک اور ایف بی آر جیسے انتہائی حساس قومی مالیاتی اداروں کو آئی ایم ایف کی دسترس میں دے دیا گیا ہے۔ بہت شور تھاکہ کیا ہوگا کیا ہوگا اور پھر یکدم آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوگیا اور ساتھ ہی آئی ایم ایف کے ملازم کو استعفیٰ دلوا کر سٹیٹ بنک کا گورنر لگادیا گیا۔ گزشتہ تین دن میں کی جانے والی تعیناتیوں پر پوری قوم تشویش میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا سابق ملازم اپنے اداروں کے اشاروں پر چلتے ہوئے ان کے مفادات پورے کرے گا، اسے پاکستانی معیشت کی بہتری کی نہیں، اپنے ایجنڈے کی تکمیل کی فکر ہوگی۔ حکومت قومی مالیاتی اداروں کی تباہی پر کمربستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف روپے کی قدر کو مزید کم کرنے پر دبائو ڈال رہاہے جس سے ملک پر سینکڑوں ارب روپے کا قرضہ بڑھ جائے گا۔ حکومت نے سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے ملکی معیشت کو دائو پر لگا دیا ہے۔ اب حفیظ شیخ، باقر رضا اور احمد مجتبیٰ میمن پر مشتمل ٹرائیکا آئی ایم ایف کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔ دریں اثناء سینیٹر سراج الحق نے رمضان المبارک کے حوالے سے قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمتوں ، بخششوں اور جہنم سے آزادی کا پیغام لے کر ایک بار پھر ہم پر سایہ فگن ہے۔ ہمیں رمضان المبارک کی ایک ایک ساعت اور گھڑی کو غنیمت جانتے ہوئے اس طرح گزارنا چاہیے کہ ہمارا رب ہم سے راضی ہو جائے۔ رمضان المبارک باہمی محبت و اخوت، بھائی چارے، ایثار و قربانی، ہمدردی اور غمگساری کا مہینہ ہے۔ ہمیں اپنے پڑوس میں رہنے والے حاجت مندوں، مساکین، بیوائوں اور یتیموں کی دستگیری کرتے ہوئے ان کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے اور رمضان کی خوشیوں اور برکتوں میں ان کو شامل کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں