کرونا: پاکستان ، مزید 49جاں بحق، 1804نئے کیسز، امریکہ میں 24گھنٹوں کے دوران 2350مریض جان سے گئے

May 07, 2020

اسلام آباد‘گوجرانوالہ‘ شیخوپورہ ‘لندن‘ واشنگٹن ( وقائع نگار خصوصی‘‘نمائندہ خصوصی‘ شنہوا) ملک بھر میں کرونا وائرس سے چوبیس گھنٹوں میں مزید49 مریض جاں بحق ہوگئے۔ جس کے بعد مجموعی تعداد563 ہو گئی۔ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 24041 ہوگئی۔ ملک بھر میں ابتک دو لاکھ بتیس ہزار سے زائد افراد کا کرونا ٹیسٹ ہو چکا ہے۔ چھ ہزار دو سو سترہ مریض مکمل صحتیاب ہو کر گھروں کو واپس چلے گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر کرونا ٹیسٹ میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں10 ہزار 178 لوگوں کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 1049 میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب میں اس خطرناک وائرس کے کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 8420 تک پہنچ گئی۔ پنجاب میں 20 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ سوات میں سیدو شریف ہسپتال میں کرونا سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تعداد 16 ہوگئی۔ کراچی میں پولیس کا ایک اور نوجوان کروناوائرس کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہارگیا۔ کانسٹیبل محمد انیس اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے ڈی ایس پی ملیرکے دفتر میں تعینات تھا۔ 25اپریل کوکانسٹیبل محمد انیس کا وائرس ٹیسٹ کیا گیا تھا اور 26اپریل کو رپورٹ مثبت آنے پ راسے گھر میں ہی قرنطینہ کرنے کا کہا گیا تھا۔ گزشتہ روز کانسٹیبل محمد انیس کی اچانک طبیعت خراب ہوئی جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اپنی زندگی کی بازی ہارگیا۔ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کرونا سے صحت یاب ہوگئے۔ ترجمان جماعت اسلامی کراچی کے مطابق رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کا دوسرا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے اور اب وہ مکمل صحت مند ہیں۔ ملک میں گزشتہ 5 روز میں یومیہ 1000 کے قریب کیسز اور 20 سے زائد ہلاکتوں کے بعد پاکستان کرونا وائرس کے کیسز سے متعلق عالمی درجہ بندی میں 24ویں اور اموات کے لحاظ سے29 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرام نے بتایا کہ پاکستان میں آئندہ ماہ سے صورتحال بہتر ہونا شروع ہوگی۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں گزشتہ روز کرونا وائرس کا شکار 2 مریض ہلا ک جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 128 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی۔ گوجرانوالہ 29حافظ آباد میں 2،گجرات میں92 اور سیالکوٹ میں 5افراد میں کرونا کی تصدیق ہو گئی ہے۔ فوکل پرسن ڈاکٹر نصرت کا کہنا ہے کہ ریجن میں 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے شکار128نئے مریض سامنے آگئے ہیں جس کے بعد ڈویژن میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1235ہوگئی ہے گوجرانوالہ میں 382،گجرات میں 316،سیالکوٹ 335، حافظ آباد 83 منڈی بہاء الدین میں67اور نارووال میں 52 افراد میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے شیخوپورہ سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کرونا کا ایک کنفرم مریض محمد حنیف جاں بحق ہو گیا جو چند روز سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر علاج تھا۔ ذرائع کے مطابق متوفی محمد حنیف مکی روڈ ہاؤسنگ کالونی کا رہائشی بتایا گیا ہے تاہم اس کو ضلع حافظ آباد میں سپرد خاک کیا جائیگا۔ دریں اثناء کرونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 60 ہزار 326 جبکہ اس وائرس سے 37 لاکھ 35 ہزار 400 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ ملکی وغیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد میں سے 12 لاکھ 41 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ اس وباء سے سب سے زیادہ امریکہ متاثر ہوا ہے جہاں کرونا وائرس سے مزید 2350 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد 72 ہزار 271 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 37 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ چھ سو سے زائد ہو گئی۔ دنیا بھر کے متاثرہ ممالک میں برطانیہ دوسرے نمبر پر آگیا ہے جہاں مزید 693 افراد کی موت کے بعد اب تک مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 427 سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار سے زائد ہے۔ سپین میں بھی گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 185 افراد کی اموات کے بعد اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہزار 613 ہوگئی اور متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ وائرس نے اٹلی میں مزید 236 افراد کی جان لے لی جہاں اب تک ہونے والی اموات 29 ہزار 315 ہو گئیں۔ اٹلی میں سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار سے زائد ہے۔ فرانس میں بھی کرونا نے مزید 330 افراد کی جان لے لی۔ فرانس میں مرنے والوں کی تعداد 25 ہزار 531 سے زائد ہو گئی اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ جرمنی میں بھی کرونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 6 ہزار 993 سے بڑھ گئی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 67 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مریضوں میں بدستور اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ مملکت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 687 مریضوں میں کرونا وائرس کی تشخیص پائی گئی۔ جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 مریض کرونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں۔ کل تعداد209ہو گئی۔ سعودی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق مملکت میں کرونا وائرس کے ایک ہزار 687 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مملکت بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 31 ہزار 938 ہوگئی ہے۔ فیصل آباد میں کرونا کے مزید 2 مشتبہ مریض زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ سمندری کی 2 خواتین کے کرونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سنٹر داخل کروا دیا گیا۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق طارق آباد کی رہائشی 52 سالہ ارفعہ زوجہ عابد کو 2مئی کو کرونا کے شبہ میں گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد داخل کروایا گیا اور مریضہ کے کرونا ٹیسٹ کے سیمپل لیکر لیبارٹری بھجوائے گئے۔ تاہم ابھی رپورٹ موصول نہ ہوئی تھی کہ ارفعہ زوجہ عابد زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ گلستان کالونی کے رہائشی 40 سالہ محمد شاہد ولد محمد حیات کو کرونا وائرس کے شبہ میں تشویشناک حالت میں کرونا سنٹر لایا گیا تاہم دوران چیک اپ ہی دم توڑ گیا۔ کرونا سے کلیئر لاہور کے 3علاقے ڈی سیل کر دیئے گئے ‘ رستم پارک‘ سمن آباد‘ شاہدرہ اور پنجاب سمال انڈسٹری ہائوسنگ سوسائٹی کو ڈی سیل کیا گیا۔ قرنطینہ مکمل ہونے اور متاثرین کو کرونا ٹیسٹ منفی آنے پر مکمل لاک ڈائون ختم کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں 2 جبکہ شیخوپورہ میں ایک مریض کرونا سے ہلاک ہو گیا۔

مزیدخبریں