آخری عشرے نیا ضابطہ اخلاق نہیں آئیگا‘ اعتکاف گھر کریں: وزیر داخلہ

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ٹائیگرز فورس کا کردار مکمل طور پر غیر سیاسی ہوگا۔ کرونا متاثرین میں امداد سیاسی وابستگی کے بغیر تقسیم کی گئی ہے۔ وزیراعظم کے احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت 154ارب روپے مستحق گھرانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ اگر حفاظتی اقدامات پر عمل کیا جائے تو زندگی کا پہیہ مناسب انداز میں چل سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس ننکانہ کے کمیٹی روم میں ٹائیگر فورس اور کرونا وائرس کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل الرحمن کھاڑک نے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کو کرونا وائرس اور ٹائیگر فورس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ٹائیگر فورس کی مدد کی جائے، ٹائیگر فور س بنانے کا مقصد عوام کو کرونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے اور ضرورت مندوں کے گھروں میں راشن پہنچانے کے لیے بھی ٹائیگر فورس اپنا کردار ادا کرے گی۔ وائرس سے زیادہ غربت کا ڈر ہے، بھوکا اور ضرورت مند لاک ڈائون میں نرمی چاہتا ہے۔ مخیر حضرات مستحق افراد کی مددکے لیے آگے آئیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حفاظتی انتظامات پر مکمل عملدرآمد کریں۔ مسجد میں کم سے کم لوگ اعتکاف کریں۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے کے لیے کوئی نیا ضابطہ اخلاق جاری نہیں کیا جائے گا۔ نماز عید کے لیے علماء متفق ہیں کہ مساجد کی بجائے کھلی جگہوں پر نماز عید ادا کی جائے۔ پاکستان میں فیکٹریاں ہینڈ سینیٹائزر اور وینٹی لیٹر تیار کررہی ہیں۔ پاکستان دنیا کو فی وینٹی لیٹر 26لاکھ میں فروخت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان سے کرپشن ختم ہوجائے تو ترقی کرنے میںپوری دنیا پاکستان کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے بابا گورونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی کے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے حوالے سے یونیورسٹی کا دورہ کیا اور کام کی کوالٹی اور معیار کو چیک کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں معیار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن