حملے کیلئے بھارتی بہانے، دنیا نوٹس لے، عمران: ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات

May 07, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘ سٹاف رپورٹر‘این این آئی، نوائے وقت نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا کو بھارتی فالس فلیگ آپریشن کی کوشش سے مسلسل خبردار کررہا ہوں۔ ایل او سی کی خلاف ورزی کے بھارتی الزامات خطرناک ایجنڈے کا تسلسل ہیں۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا بھارت ایل او سی پر دراندازی کے بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی کی فاشسٹ پالیسیاں سنگین خطرہ ہیں۔ کشمیریوں کی جدوجہد بھارتی مظالم کا نتیجہ ہے۔ بھارتی پالیسیاں خطے میں امن کیلئے خطرہ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا خطے کے امن کیلئے خطرہ بننے سے پہلے دنیا بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔ قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات، تاریخ و تمدن اور اسلامی معاشروں کے خصائل کو اجاگر کرنے میں ہمارے ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہے۔ موجود دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ انسانیت کے احترام اور احساس پر مبنی اقدار کو اجاگر کیا جائے۔ کرونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ وزیر اعظم سے سینیٹر فیصل جاوید نے ملاقات کی جس میں مسلم ممالک کے مابین تہذیب و ثقافت اور فنون لطیفہ کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اسلامی تعلیمات، تاریخ و تمدن اور اسلامی معاشروں کے خصائل کو اجاگر کرنے میں ہمارے ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہے۔ موجود دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ انسانیت کے احترام اور احساس پر مبنی اقدار کو اجاگر کیا جائے۔ موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں دکھی اور مشکل میں گھری ہوئی انسانیت کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواہ دنیا کے کسی بھی کونے میں مقیم ہو مشکل کی ہر گھڑی میں وہ اپنے اہلیان وطن کے شانہ بشانہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا یہی جذبہ ہمارے معاشرے کی اصل طاقت اور خوبی ہے۔ ملاقات میں خصوصاً کرونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ سینیٹر فیصل جاوید نے وزیر اعظم کو کرونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کے مثبت ردعمل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ کرونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ اس کے بعد وزیراعظم عمران خان سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے نیشنل سکیورٹی ڈویژن ڈاکٹر معید یوسف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال خصوصاً بھارت کی جانب سے حالیہ دنوںمیں سامنے آنے والی جارحیت و دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔ کرونا وائرس کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات اور اس حوالے سے پیش رفت پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے ملاقات کی۔ چئیرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ) چوہدری محمد اختر، روپانی فاؤنڈیشن کے کنسلٹنٹ صباح الدین اور پاکستان تحریک انصاف بوسٹن سے تعلق رکھنے والے رہنما عاطف خان بھی وزیر کشمیر امور کے ساتھ تھے۔ چئیرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری محمد اختر نے بتایا کہ کورٹ کی جانب سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ غریب اور مستحق افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اب تک بیس ہزار خاندانوں کو راشن و خوارک فراہم کی جا چکی ہے۔ روپانی فاؤندیشن کی جانب سے گلگت بلتستان میں بیس ہزار خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ عاطف خان نے وزیر اعظم کو امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کرونا ریلیف فنڈ میں عطیات و دیگر ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں کرونا سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلیف سرگرمیوں میں فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کی بھرپور شرکت نہایت حوصلہ افزا ہے۔ وزیر اعظم نے کورٹ اور روپانی فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی اور چیئرمین حبیب بنک سلطان علی الانہ نے ملاقات کی۔ چیئرمین حبیب بنک سلطان علی الانہ نے وزیراعظم کو کرونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے موجودہ حکومت کی جانب سے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی پیکیج دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کو مستحقین تک پہنچانے میں حبیب بنک کی خدمات اور معاونت کو سراہا۔ وزیر بحری امور نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر بندرگاہوں میں جہازوں کے زیادہ دیر ٹھہرنے کی صورت میں پڑنے والے ہرجانے (ڈیمرج) کو معاف کرنے کی تجویز ای سی سی سے منظوری کے بعد کابینہ سے اس فیصلے کی باقاعدہ توثیق کی جائے گی۔ یہ رعایت 31 مئی تک فراہم کرنے کی سفارش منظوری کی گئی ہے۔ وزیر بحری امور نے وزیراعظم کو بتایا کہ کرونا وائرس کی مشکل صورتحال کے باوجود بھی ملکی بندرگاہوں کو آپریشنل رکھا گیا ہے جبکہ خطے کی دیگر بندرگاہیں اس دوران بندش کا شکار رہی ہیں۔ پی ایس او کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے کرونا ریلیف فنڈ میں 5 کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا گیا۔ ایم ڈی پی ایس او سید محمد طحہ اور چیئرمین بورڈ پی ایس او ظفر اسلام عثمانی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان کو کرونا ریلیف فنڈ کے لئے 5 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ پی ایم کرونا ریلیف فنڈ کے علاوہ پی ایس او کی جانب سے ہسپتالوں میں حفاظتی کٹس اور میڈیکل آلات کی خریداری، ملک بھر میں راشن بیگز کی فراہمی اور ایمبولینسز کو فری فیول کی فراہمی کے حوالے سے مدد فراہم کی گئی۔

مزیدخبریں