کراچی (اسپورٹس رپورٹر )سوشل میڈیا پر جاری پی سی بی کی ڈریم پیئر مہم کو مداحوں، سابقہ اور موجودہ کھلاڑیوں سمیت صحافیوں اور کرکٹ پنڈتوں میں خوب پذیرائی مل رہی ہے۔ ڈیجٹل مہم کا چوتھا مرحلہ 5مئی بروزمنگل کو شروع ہوا جہاں مداحوں کوٹیسٹ اسپنرز پر مشتمل اپنی پسندیدہ دو جوڑیاں چننے کا موقع دیا گیا ہے۔سابق ٹیسٹ آف اسپنر توصیف احمد نے اپنے سابقہ پارٹنر اور1987بنگلور ٹیسٹ کی فاتح ٹیم کے اہم رکن اقبال قاسم کے ساتھ ایک بار پھر باولنگ کی خواہش ظاہر کی ہے۔اس موقع پر توصیف احمد نے گگلی ماسٹر مشتاق احمد کو اپنا ڈریم پیئر قرار دیا ہے۔پاکستان کے سابق آف سپنرتوصیف احمد نے کہاوہ خوش قسمت تھے کہ انہیں اپنے کیرئیر کے دوران مرحوم عبدالقادر اور اقبال قاسم جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ باولنگ کرنے کا موقع ملاتاہم انہیں کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو تو وہ اقبال قاسم کا نام لیں گے جن کے ساتھ انہوں نے بھارت کے خلاف 1987 بنگلور ٹیسٹ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔توصیف احمد نے کہا گوکہ انہیں مشتاق احمد کے ساتھ زیادہ دیر باولنگ کرنے کا موقع نہیں ملا مگر وہ گگلی ماسٹر کو اپنا ڈریم پیئر چننا چاہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد ایک جارحانہ مزاج باولرتھے جو کسی خوف کا شکار نہیں ہوتے تھے۔ادھر مشتاق احمد نے اپنا ڈریم پیئر چننے پر سابق آف اسپنر توصیف احمد کا شکریہ ادا کیا ہے۔سابق لیگ اسپنر نے اپنے سابقہ پارٹنر ثقلین مشتاق اور موجودہ کرکٹر یاسر شاہ کیساتھ باولنگ کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اگر وہ ماضی کے کسی اسپنر کے ساتھ جوڑی بنانے کی خواہش کرتے ہیں تو وہ ثقلین مشتاق ہوں گے۔مشتاق احمد نے کہا کہ وہ اور ثقلین مشتاق ایک ساتھ باولنگ کرچکے ہیں، جس کی وجہ سے وہ ایک دوسرے کی باولنگ کو اچھی طرح سمجھتے تھے اور یہی وجہ ہے کہ دونوں کی شراکت داری نے پاکستان کو ملک اور بیرون ملک کئی میچز جتوانے میں اہم کردار بھی ادا کیا۔