سعودی شہر الاحساءکے دو محلوں میں 24 گھنٹے کرفیو میں نرمی

May 07, 2020 | 11:51

ویب ڈیسک

سعودی عرب کے شہر الاحساءکے دو محلوں الفیصلیہ اور الفاضلیہ میں جہاں 24 گھنٹے کرفیو نافذ تھا وہاں سخت احتیاطی تدابیر میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے انسداد کے لیے قائم صحت کمیٹی کی سفارشات پر دونوں محلوں میں اضافی تدابیر ختم کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ رہائشی اجازت کے اوقات میں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک اپنی ضرورت کی چیزوں کے لیے گھروں سے نکل سکتے ہیں۔ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ان کاروباری مراکز کو بھی کھولنے کی اجازت ہے جنہیں کرفیو میں کام کرنے کی اجازت کا پہلے اعلان کیا گیا تھا۔وزارت نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ مفاد عامہ کے لیے کیا گیا ہے اس تاکید کے ساتھ کہ حکومت کورونا وائرس کے انسداد کے لیے جو فیصلے کرتی ہے وہ خود رہائشیوں کے حق میں بہتری کے لیے ہیں۔وبا کے انسداد کے لیے تمام فیصلوں پر نظر ثانی کا عمل مستقل رہتا ہے جہاں سخت احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے وہاں سخت احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جاتا ہے اور جب ضرورت ختم ہوجاتی ہے یا حالات معمول پر آجاتے ہیں وہاں احتیاطی تدابیر میں نرمی کی جاتی ہے۔وزارت نے کاروباری حضرات، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو اپنے طور پر بھی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

مزیدخبریں