ملتان‘ خانیوال‘ جلال پورپیروالہ(خصوصی رپورٹر‘ نامہ نگاروں سے) ضلع ملتان اور خانیوال میں بھی نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا میں104 گھر تعمیر کئے جائیں گے۔نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم ملتان روڈ پر مجوزہ سفاری پارک کے سامنے جلال پور کے چک 83ایم میں 32 کنال14 مرلے رقبہ پر قائم کی جارہی ہے۔ہاوسنگ کالونی میں کشادہ سڑکیں، مسجد، سکول،کلینک،کمرشل مارکیٹ اور پارکس بھی تعمیر ہونگے۔وزیر اعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے گزشتہ روز منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔سپورٹس کمپلیکس ملتان میں بھی بیک وقت تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ . نیا پاکستان ہاوسنگ کالونی کے سنگ بنیاد کی تقریب جلال پور میں منعقد ہونا تھی. لیکن صبح بارش کے باعث تقریب ملتان منعقد کی گئی۔ تقریب میں پارلیمنٹیرین اور سرکاری افسران نے سنگ بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی کی۔افتتاح کرنیوالوں میں احمد حسن ڈیہڑ ایم این اے، جاویداختر انصاری ایم پی اے،خالد جاوید وڑائچ، اکرم کنوں اور سرکاری افسران میں کمشنرجاویداختر محمود،آر پی او خرم علی شاہ،ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد اور سی پی منیر مسعود مارتھ شامل تھے۔ممبر قومی اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے لئے ملک میں130 مقامات کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ 14 لاکھ روپے کی قیمت میں شہری اپنے گھر کے مالک بن سکیں گے۔ہر گھر پر 3لاکھ کی سبسڈی دی جارہی ہے۔مکان خریدنے والے کو10 لاکھ روپے کا قرض3 فیصد شرح منافع پر بنک ادا کرے گا۔گھر کی ماہانہ قسط 10 ہزار روپے ہو گی۔وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام شاہ نے خانیوال میں وزیر اعظم کی طرف سے تختی کی نقاب کشائی کی۔اس منصوبہ کے لئے لاہور موڑ مخدوم پور روڈ پر پروگرام کیلئے 38 کینال 7 4 مرلے رقبہ مختص کیا گیا ہے-ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی،ڈی پی او محمد علی وسیم،اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید خاور علی شاہ،حامد یار ہراج، پی ٹی آئی عہدیداران،سرکاری افسران،وکلاء نمائندگان نے تقریب میں کورونا سے بچاؤ کی ایس او پیز کے تحت شرکت کی۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور بے گھر افراد اب بہت جلد اپنے گھر کے مالک ہونگے کم آمدنی والے شہریوں کے لئے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام حکومت کا بہت بڑا پروگرام ہے اس سے غریب آدمی کا اپنی چھت کا خواب پورا ہوگا-