قندھار (انٹرنیشنل ڈیسک) افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے بعد سے طالبان کے حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔ افغان طالبان نے مہینوں کی لڑائی کے بعد ملک کے دوسرے بڑے ڈیم پر قبضہ کر لیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو قندھارکے سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ داہلہ ڈیم جوکاشتکاروں کو نہروں کے نیٹ ورک کے ذریعے آبپاشی اور صوبائی دارالحکومت کو پینے کا پانی فراہم کرتا ہے، اب طالبان کے قبضے میں ہے۔ طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی کا کہنا ہے کہ ہم نے ارغنداب میں داہلہ ڈیم پر قبضہ کر لیا ہے۔ ملحقہ ضلع کے گورنر حاجی گلبدین نے بھی اس بات کی تصدیق کی۔ ہماری سکیورٹی فورسز نے کمک کا مطالبہ کیا تھا لیکن وہ اس کو حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔ داہلہ ڈیم 70 سال قبل امریکہ نے بنایا تھا جس کا مقصد قندھار کے تقریباً سات اضلاع کو پانی کی فراہمی تھا۔ 2019ء میں ایشین ڈویلپمنٹ بنک نے اس میں پانی کی گنجائش کو بڑھانے کے لیے 35 کروڑ ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دی تھی۔