علی پور کا شمار ضلع مظفر گڑھ کی پسماندہ ترین تحصیل میں ہوتا ہے۔دور جدید میں بھی یہاں کے باسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔علی پور کے مسائل پر اگر سرسری نظر دوڑائی جائے تو سب سے بڑا مسئلہ سیوریج کے نظام کا ہے۔پورے شہر کی گلیوں میں نالیوں کا گندا پانی جمع رہتا ہے ۔گلیاں جوہڑوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔گلی محلوں اور سڑکوں پر جگہ جگہ گندگی کے انبار لگے ہوئے ہیں۔تعفن کی وجہ سے شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا محال ہو گیا ہے۔علاقہ مکینوں کی طرف سے بار ہا انتظامی آفیسران کو درخواستیں دی گئیں لیکن ابھی تک کوئی شنوائی نہ ہوئی۔شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔
حکومت پنجاب کی ہدایات پر علی پور میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سستا رمضان بازار قائم تو کر دیا گیا۔لیکن یہاں پر بھی عوام کو ریلیف کی بجائے تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔رمضان بازار میں قائم اشیائے خوردونوش کے سٹالوں پر ناقص اشیاء مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔دو کلو چینی کے حصول کے لیے روزہ دار مردوخواتین کو سخت گرمی میں کئی کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے۔کئی افراد تو خالی ہاتھ گھر واپس لوٹتے نظر آتے ہیں۔اسی طرح آٹے کے حصول کے لیے بھی شہریوں کو تذلیل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی انتظامی آفیسران کے کاونٹر خالی نظر آتے ہیں۔شہری اپنی شکایات تک درج نہیں کروا سکتے۔
رمضان بازار کو قائم ہوئے کئی روز گزر گئے لیکن آج تک کسی سرکاری آفیسر یا صوبائی وزیر نے علی پور میں قائم رمضان بازار کا وزٹ نہیں کیا۔حکومت کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے لئے جو ایس او پیز بنائے گئے ہیں۔رمضان بازار میں چینی اور آٹے کے سٹالوں پر خریداروں کے رش کی وجہ سے ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے خریداروں نے نہ ہی ماسک لگائے ہوتے ہیں اور نہ ہی سماجی فاصلے کا خیال رکھا جاتا ہے۔ رمضان بازار کی سیکیورٹی کے لئے لگایا گیا واک تھرو گیٹ بھی ناکارہ اور برائے نام لگایا گیا ہے۔واک تھرو گیٹ کے نام پر عوام سے بھونڈا مذاق کیا گیا ہے۔عوامی سماجی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے فوری نوٹس لے کر بعد از تحقیقات کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔اندرون بازاروں جن میں اردو بازار،صدر بازار،صرافہ بازار، حیدری چوک میں کئی کئی روز خاکروب اور عملہ صفائی نہیں آتا۔جس کی وجہ سے تاجروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تاجروں چوہدری عامر بشیر،عبدالمجید سیال،شیخ صنور بابو عرف کالا کپڑے والہ،ملک امیر بخش زرگر، زاہد اقبال نیکوکارہ،مہر خضر حیات،حاجی سلیم زرگر صدر صرافہ ایسوسی ایشن، سمیت دیگر کئی تاجروں نے میونسپل کمیٹی علی پور کے عملہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈی سی مظفر گڑھ اور کمشنر ڈی جی خان سے فوری نوٹس لے کر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سستا رمضان بازار‘شہریوں کومشکلات کا سامنا
May 07, 2021