والٹن کینٹ :محمدپورہ کے روزہ دار پانی کی بوندبوند کوترس گئے

لاہور(نیوز رپورٹر) محمدپورہ والٹن کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ نمبر10کے روزہ دار ماہ رمضان میں پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔روزہ داروں اورنمازیوں کو وضو اورغسل کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں۔محمد پورہ سپانوالہ بازارکے نزدیک ٹیوب ویل پچھلے تین روز جبکہ اس آبادی کا واحدفلٹریشن پلانٹ پچھلے ایک سال سے بندپڑا ہے۔اگرکروڑوں روپے مالیت کے واٹر فلٹریشن کی بروقت مرمت نہ ہوئی تو یہ کباڑخانہ بن جائے گا۔ پنجاب حکومت کے فنڈز سے تعمیر شدہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کووالٹن کنٹونمنٹ بورڈ" اون "کرنے اوراس کی مرمت کرانے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیٹواوردوسرے حکام کی مقامی شہریوں کے مسائل اوران کے شدید احتجاج سے چشم پوشی ایک سوالیہ نشان ہے۔ٹیوب ویل کی موٹر تین روز بعد بھی مرمت ہوئی اورنہ والٹن کنٹونمنٹ بورڈ حکام نے محمد پورہ ، مست اقبال روڈ ،سپانوالہ بازار سمیت دوسری آبادیوں میں پانی کی فراہمی کیلئے کوئی متبادل انتظام کیا۔حکام کو پانی کی کسی تعطل کے بغیر فراہمی کیلئے ٹیوب ویل کی متبادل موٹرزکاانتظام کرناہوگا۔تاکہ اگرکسی ٹیوب ویل کی موٹر کام کرنا چھوڑدے توفوری طوپرمتبادل موٹر نصب کردی جائے۔ شہریوں حاجی امان اللہ خان ،محمدناصراقبال خان ،حافظ محمدکونین ابراہیم خان،شاہد خان،سلیم سلیمان گجر ،شفیق شریف ،حاجی اسلم اورمحمدزبیر ملک نے ارباب اقتدارواختیار پرفوری طورپرپینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے پرزوردیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن