اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور امریکہ کے وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے مجھے فون کیا اور وزارت خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کی مبارک باد دی، امریکی وزیر خارجہ سے باہمی مفاد پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ امریکی وزیرخارجہ سے گفتگو کے دوران باہمی احترام کے ساتھ آگے کے سفر پر اتفاق کیا گیا۔ دریں اثنا دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بات چیت میں پاکستان امریکہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان وسیع البنیاد دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تعمیری اور پائیدار روابط خطے اور اس سے باہر امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا وژن انسانی ترقی، علاقائی روابط اور پرامن ہمسائیگی پر مرکوز ہے۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران کوویڈ وبائی مرض سے نمٹنے کے لئے جاری پاک امریکہ تعاون کو بڑھانے کے تناظر میں، سیکرٹری بلنکن نے پاکستان کو اس ماہ کے آخر میں ورچوئل ہونے والی دوسری عالمی کوویڈ سمٹ میں مدعو کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے 18 مئی 2022 کو نیویارک میں منعقد ہونے والے گلوبل فوڈ سکیورٹی سے متعلق وزارتی اجلاس میں پاکستان کو شرکت کی دعوت بھی دی۔ بلاول بھٹو زرداری اور امریکی وزیر خارجہ نے رابطہ میں رہنے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی ایشوز پر اینگیج مینٹ بڑھانے پر اتفاق کیا۔
با ہمی ایشوز پر را بطے بڑ ھا ئیں گے: بلاول ، وبلنکن میں اتفاق
May 07, 2022