چین میں پھر کرونا ، ایشین گیمز 2022ء غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

May 07, 2022


لاہور(سپورٹس رپورٹر )ایشین گیمز 2022 ء کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔ شیڈول کے تحت ایشین گیمز کا انعقاد چین میں ہونا تھا۔ ایشن گیمز کے انعقاد کو ملتوی کیے جانے کی بابت انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی ہے لیکن چونکہ چین میں نہایت تیزی کے ساتھ کروناکیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اس لیے غالب امکان یہی ہے کہ کرونا کی وجہ سے ایشین گیمز کا انعقاد ملتوی کیا گیا ہے۔ ایشین گیمز کا انعقاد 10 سے 25 ستمبر تک ہونا تھا مگر اب یہ ملتوی کردیے گئے ہیں ۔ ایشین گیمز چین کے شہر ہانگڑو میں  ہونے تھے جو شنگھائی سے  200 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ اولمپک کونسل آف ایشیا نے کہا ہے کہ گیمز ملتوی کرنے کا فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔ تقریباً 10ہزار اتھلیٹس کی میزبانی کرنیوالے گیمز کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔منتظمین نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ مشرقی چین کے سوا کروڑ آبادی کے حامل شہر ہانگڑو نے ایشین گیمز اور ایشین پیرا گیمز کیلئے تقریباً 56 مقابلے کے مقامات کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔ ہانگڑو 1990 میں بیجنگ اور 2010 میں گوانگ زو کے بعد ایشین گیمز کی میزبانی کرنے والا چین کا تیسرا شہر بننے والا تھا۔ دسمبر میں چین میں ہونیوالے ایشین یوتھ گیمز کو مکمل طور پر منسوخ کردیا گیا جبکہ ایشین یوتھ گیمز 2021 کو پہلے ہی ایک سال کیلئے ملتوی کیا جاچکا تھا، اب ایشین یوتھ گیمز 2025 میں تاشقند میں ہوں گے۔کامن ویلتھ اور ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے پاکستانی اتھلیٹس کے مختلف کیمپس اسلام آباد، لاہور سمیت دوسرے شہروں میں جاری ہیں۔او سی اے نے دسمبر میں چین ہی میں ہونے والے ایشین یوتھ گیمز کو منسوخ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں