تجارتی پالیسی نئے سرے سے ڈیزائن کرنا ہوگی:پاکستان چائنہ چیمبر 

May 07, 2022


 لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وانگ زیہائی نے ایک آن لائن تھنک ٹینک سیشن کے دوران تجویز پیش کی ہے کہ چھوٹی صنعتوں کو ڈیجیٹلائز کرنے اور ان میں انقلاب لانے کیلئے حکومت کی نئی ایس ایم ای پالیسی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گھریلو منڈیوں اور چھوٹی صنعتوں میں ہی ہر قسم کی اختراعات اور انٹرپرینیورشپ ہو سکتی ہے جو بعد میں باہر نکل جائے گی اور زیادہ برآمدات اور زرمبادلہ کمائے گی۔ انہوں نے رائے دی، ’’چھوٹا دکاندار، ریڑھی والا، غیر ہنر مند مزدور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور اگر ہم اس شعبے کو فروغ دیں گے تو ہم مزید مساوی ترقی کریں گے۔’’انہوں نے یہ بھی تجویز کیا کہ تجارتی پالیسی نہ صرف برآمدات کے فروغ کے لیے ہونی چاہیے بلکہ اندرون اور بیرون ملک تمام تجارت کو فروغ دینے کے لیے ہونی چاہیے۔ ‘‘ہمیں اپنی تجارتی پالیسی کو نئے سرے سے ڈیزائن کرنا ہوگا، جس کا مقصد مسابقت کی حوصلہ افزائی، مواقع پیدا کرنے اور گھریلو منڈیوں کو ایک اختراعی اور نئے انداز میں پھلنے پھولنے کے لیے ایک اچھا ماحول فراہم کرنا ہے۔سینئر نائب صدراحسن چوہدری اور نائب صدر سرفراز بٹ نے کہا کہ کسی بھی پالیسی کو بنانے سے پہلے گہرا تجزیہ کرنے پر زور دیا، جس کی مدد سے بہتر پالیسی فریم ورک وضع کیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں