جدید ٹیکنالوجی: آم کی پیداوار 25 ٹن فی ہیکٹر تک بڑھائی جاسکتی ہے ، ماہرین

May 07, 2022


فیصل آباد (اے پی پی)مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین زراعت نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے آم کی 10ٹن فی ہیکٹرپیداوار کو 25ٹن فی ہیکٹر تک بڑھایاجاسکتاہے ۔تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ باغبان ماہرین زراعت کی مشاور ت سے پیداواری ٹیکنالوجی پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ رواں سال بہتر موسمی حالات کے باعث آم کے باغات میں بھر پور بور آنے اور زیادہ تعداد میں پھل حاصل ہونے کا امکان ہے، جس سے پیداوار میں بھی گزشتہ سال کی نسبت کئی گنا اضافہ ہو گا۔انہوں نے بتایاکہ جس پودے پر 0.01 فیصد پھل ہو اسے نارمل جبکہ 0.02 فیصد پھل کو اچھی فصل اور 0.03 فیصد پھل والی فصل کو بمپر کراپ کہاجاتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ رواں ماہ مئی اور اگلے مہینے جون کے دوران پھل کی تیزی سے نشوونماہوتی ہے مگر درجہ حرارت میں غیر معمولی حدتک اضافہ، پانی کی کمی، تیز آندھیوں اور مختلف بیماریوں سمیت تیلے کے حملے سے پھل گرنا شروع ہو جاتاہے۔ موسم گرما کی شدت کے دوران پانی و غذائی عناصر کی کمی سے پھل کے کیرے کا عمل شروع ہوجاتاہے اسی طرح فروٹ فلائی بھی بھرپور حملہ کرسکتی ہے۔ اگرپھل پر کسی قسم کا کوئی حملہ دیکھنے میں آئے تو تمام گرے ہوئے پھل اکٹھے کرکے باغات سے باہر گڑھا کھود کر دبادینے چاہئیں۔ فروٹ فلائی کو کنٹرول کرنے کیلئے باغات میں جنسی پھندے لگانے، متوازن کھادوں اور گروتھ ہارمونز کا سپرے بھی کیاجا سکتاہے۔

مزیدخبریں