کراچی (کامرس رپورٹر)ہفتہ وار اور عید کی تعطیلات کے بعد جمعہ کو کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئیں ،تاہم پہلے روز سٹاک اور منی مارکیٹ میں تجارتی سرگرمیاں محدود رہیں اورمنفی اثرات غالب رہے۔پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز تو مثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں تقریباً200 پوائنٹس بڑھ گئے لیکن بعد ازاںحصص فروخت کا دبائو بڑھنے کے سبب مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی۔کاروبار کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس 500 پوائنٹس سے زائد گر کر 44784 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا ۔معمولی ریکوری اور ٹریڈنگ کے اختتام پر انڈیکس 408.60پوائنٹس کی کمی سے 44840.81 پوائنٹس پر بند ہوا۔پاکستان سٹاک ایکس چینج کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی گزشتہ جمعہ کی نسبت 41.78فیصد کم رہا جبکہ 219کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 76ارب43کروڑ70لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔سٹاک ماہرین کے مطابق دنیا بھر کے بیشتر سٹاک مارکیٹوں میں منفی رجحان کا اثر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی دیکھنے میں آیا جبکہ جمعہ کے بعد پھر دو ہفتہ وار تعطیلات کے پیش نظر بھی سرمایہ کار سائیڈ لائن نظر آئے۔
سٹاک مارکیٹ میں مندا،انڈیکس میں 408پوائنٹس کمی
May 07, 2022