ارجنٹینا: مرکزی بنک نے بٹ کوائن پر پابندی عائد کردی

May 07, 2022


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ارجنٹینا کے مرکزی بنک نے بٹ کوائن پر پابندی عائد کردی، مالیاتی اداروں کو کرپٹو کرنسی اور اثاثوں سے متعلق تمام لین دین روکنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ گیجٹس 360 کے مطابق سنٹرل بنک نے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے، جب کچھ دن قبل ہی ارجنٹینا کے بنکوں نے دنیا بھر میں بٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسیوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اپنے پلیٹ فارم پر ان کی خرید و فروخت کا آپشن شامل کیا تھا۔ ’’بی سی آر اے ‘‘ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام بنک اور مالیاتی ادارے اپنے کلائنٹس کو ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق آپریشنز کی اجازت نہیں دے سکتے۔جب کہ بنک بھی صارفین کو کرپٹو کرنسی میں لین دین کی خدمات فراہم نہیں کرسکتے کیوں کہ انہیں مرکزی بنک کی جانب سے ریگولیٹ نہیں کیا گیا ۔اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق ان تمام اثاثوں پر بھی ہوگا ،جن کے ریٹرنز کا تعین کرپٹو کرنسیوں میں ہونے والے تغیرات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔اس حوالے سے بی سی آر اے کا کہنا ہے کہ ہمارے بورڈ آف ڈائریکٹر کو اس بات پر تحفظات لاحق ہیں کہ کرپٹو کرنسی سے پورے مالیاتی نظام کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔واضح رہے کہ  بڑھتے ہوئے افراط زر کی وجہ سے ارجنٹینا میں کرپٹو کرنسی کو اپنانے والوں کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اور اس ملک کا شمار کرپٹو کو اپنانے والے دس سرفہرست ممالک میں کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں