اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتہ کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کی ہے ۔ ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافے کا امکان ہے۔بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 07 سے 09 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے جبکہ بالائی اور وسطی سندھ، وسطی اور جنوبی پنجاب، بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں باران رحمت سے موسم خوشگوار ہوگیا۔لاہور میں ابر کرم برسا، ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو اور حسین بنا دیا۔ گرمی کی شدت بھی کم ہوگئی۔ محکمہ موسمیات نے بالائی خیبرپی کے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کر دی۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش نے رت بدل دی۔ بہاولنگر، شرقپور، منچن آباد اور دیگر کئی شہروں میں بھی گزشتہ روز صبح سویرے بادل برسے۔