سابق حکو مت نے ملکی معیشت کی بنیادیں ہلا ڈالیں، شاہد رشید بٹ

May 07, 2022


اسلام ااباد (نمائندہ خصوصی)تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت نے برآمدات کے مقابلہ میں درآمدات میں زبردست اضافہ کیا جس سے زرمبادلہ کے ذخائر اور روپیہ کمزور ہو گیا اور ملک میں غربت و بدحالی عام ہو گئی۔روپے کی قدر میں زبردست کمی سے جولائی 2021 سے لے کر مارچ 2022 تک برامدات 24.8 فیصد اضافہ ہوا تاہم اس سے بائیس کروڑ عوام کی زندگی اجیران ہو ئی۔ جولائی 2021 سے لے کر مارچ 2022 تک درامدات میں 39.9 فیصد اضافہ ہوا ۔ باسٹھ ارب ڈالر سے زیادہ کی در آمدات میں غیر ضروری اشیاء اور اشیائے تعیش بھی شامل تھیں جنھیں روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔چین کو برآمدات 1.21 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.04 ارب ڈالر ہو گئیں مگر درآمدات 3.28 ارب ڈالر کے اضافہ کے ساتھ 13.3 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔ حکومتی پالیسی کے سبب درآمدات میں اضافہ نے درآمدات میں اضافہ کے فوائد کو ختم کر دیا اور ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔سابقہ حکومت نے ریکارڈ قرضے لئے اور بد انتظامی کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔قرضوں کو 42.8 کھرب روپے تک بڑھا دیا گیا جس نے ملکی معیشت کو بنیادیں ہلا ڈالیں۔  انھوں نے کہا کہ2013 میں پاکستان کی برآمدات جی ڈی پی کے 13 فیصدسے زیادہ تھیں جو 2020 میںگر کر جی ڈی پی کے دس فیصد کے برابر رہ گئیں جبکہ عالمی اوسط 26.5 فیصد ہے۔ پاکستان کے پاس برآمدات بڑھانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے جس کے لئے گھسے پٹے فارمولے اپنانے اور ارب پتی بزنس مینوں کو سبسڈی دینے کا سلسلہ ختم کرنا ہو گا ، نئی منڈیاں تلاش کرنا ہونگی، موجودہ منڈیوں میں قدم جمانا ہونگے، مصنوعات کا معیار بہتر بنانا ہو گا،ویلیو ایڈیشن کو ترجیح دینا ہو گی، مارکیٹنگ پر توجہ دینا ہو گی اور مینوفیکچرنگ کے شعبہ کی ترقی کو اولین ترجیح دینا ہو گی۔

مزیدخبریں