عوام کواستحصالی نظام سے نجات دلانے کی جدوجہد کر رہے ہیں،راشد حفیظ 

May 07, 2022


راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی میٹرو پولیٹن کے صدر اور سابق صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ عمران خان کے دامن پر ن لیگی ، پی پی پی اور مولانا فضل الرحمن جیسی مفادات کی سیاست اور کرپشن سمیت کوئی داغ نہیں ہے اور پوری قوم تمام حقائق جان چکی ہے ۔ ہم پاکستان کے 22 کروڑ سے زائد عوام کو فکری، معاشی اور سیاسی آزادی سے سرفراز کرنے کا جہاد کر رہے ہیں جس میں عوام الناس کی بے مثال تائید و حمایت ہمارے ساتھ ہے اور اگلے الیکشن میں دو تہائی سے بھی زیادہ اکثریت کے ساتھ جیتیں گے۔ انہوں نے یہ بات گذشتہ روز پی ٹی آئی کے پبلک سیکریٹریٹ سید پور روڈ راولپنڈی میں عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ معززین علاقہ اور عوام الناس کی بڑی تعدادنے راجہ راشد حفیظ سے ملاقات کی ۔ سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام ہر جگہ اپنے احساسات و جذبات کا آزادانہ اظہار کر رہے ہیں اور عمران خان کی لیڈر شپ کی خراج تحسین دے رہے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ جس شخص نے اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر ناموس رسالتؐ، اسلام اور پاکستان کا مقدمہ بے باکی اور جرات کے ساتھ لڑا ، اس کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ انتہائی مضحکہ خیز عمل ہے جسے عوام کسی صورت قبول نہیں کر رہے ۔ ہماری لیڈر شپ نے ریاست مدینہ کا نعرہ ہی نہیں لگایا بلکہ اس پر عملی اقدامات بھی اٹھائے ۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہم پاکستان کو استحصالی سیاسی نظام سے نجات دلانے کی جدوجہد کر رہے ہیں اور اس وقت پوری قوم میں وہی جذبہ اور ولولہ پیدا ہو چکا ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں تحریک پاکستان کے کارکنان میں موجود تھا۔

مزیدخبریں