اسلام آباد ( وقائع نگار) کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ اسلام آباد میں روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری اور اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس ضمن میں روڈ انفرسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اسی سلسلے میں اسلام آباد شہر کے وسط میں راول ڈیم انٹر چینج منصوبے پر جاری ترقیاتی کام تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔ کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ نے ایف ڈبلیو او کی معاونت سے اس منصوبے کو بحال کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق راول ڈیم چوک تا سرینہ چوک تک ناصرف اسفالٹنگ بیس کورس کا کام مکمل ہوچکا ہے بلکہ اے بی سی بھی مکمل کی جاچکی ہے۔ یہ ایک بڑی سلپ روڈ ہے جو اس منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے جبکہ منصوبے کے تمام حصوں پر بیک وقت تیزی سے کام جاری ہے۔ اسی طرح کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت کی روشنی میں ایف ڈبلیو او کو متحرک کردیا ہے کہ پندرہ مئی سے باقی ماندہ کاموں کو مکمل کرنے کے لئے بھرپور توانائی کے ساتھ مشینری سمیت تمام متعلقہ عملے سے پوری قوت کے ساتھ کام لیا جائے تاکہ منصوبے کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا جاسکے۔مزکورہ منصوبے کی تکمیل کے بعد جہاں ٹریفک کے بہائو کو بہتر بنایا جاسکے گا وہیں جڑواں شہروں کے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی اور انکو ٹریفک جام جیسے مسائل سمیت وقت کے ضیاع سے بھی بچایا جاسکے گا۔اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے بھی متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور کام کے اعلیٰ معیار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور منصوبے کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔