اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے)کی انتظامیہ نے فیصل مسجد کی تزئین و آرائش کے لئے 20 کروڑ روپے مختص کردیئے ہیں سی ڈی اے آئندہ ماہ جون سے پہلے ایک ماہ میں مسجد کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں مسجد میں روشنی کا متبادل نظام لانے شجرکاری، پارکنگ ایریاز کی توسیع اور واش رومز کی مرمت کے لئے الگ سے ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کی بھی ہدایات جاری کردی ہیں چئیرمین سی ڈی اے نے میٹرو پولیٹین کارپوریشن کو فیصل مسجد کی تکریم کے پیش نظر کار پارکنگ کو نیلام نہ کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے اس ضمن میں کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین کی زیرِ صدارت جمعہ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے، ممبر فنانس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ممبر انجینئرنگ اور ممبر فنانس سی ڈی اے کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا شاہ فیصل مسجد کی مکمل اور جامع تزئین و آرائش کے لئے فوری طور پر پی سی ون تیار کیا جائے اور آئندہ مٹینگ میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے۔ چونکہ گزشتہ چار دہائیوں میں اسلام آباد کی سب سے بڑی اور خوبصورت مسجد کی کوئی تزئین و آرائش نہیں کی گئی۔ اسی طرح مسجد میں آنے والے نمازیوں کو پارکنگ کی بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ عوامی بیت الخلاء بھی خستہ حالت میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسجد کی دیکھ بھال کے لئے فنڈز وفاقی حکومت سے لئے جاتے ہیں جو مسجد کی جامع دیکھ بھال کے لئے کم پڑے ہیں۔ نتیجتاً سی ڈی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ نہ صرف اسلام آباد بلکہ پورے ملک کے لیے ایک سنگ میل ہے اس لئے شاہ فیصل مسجد کی تزئین و آرائش کے لئے سی ڈی اے کے بجٹ سے 200 ملین روپے کی رقم مختص کی جائیگی اور جون کے مہینے سے پہلے مسجد کی تزئین و آرائش کے کام کے آغاز کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔مزیدبرآں اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شاہ فیصل مسجد کی مکمل دیکھ بھال کے لئے ایک علیحدہ ڈائریکٹوریٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں شجرکاری، الیکٹریکل اور سول ورکس، سینی ٹیشن سمیت دیگر ڈائریکٹوریٹس کا متعلقہ عملہ چوبیس گھنٹے مختلف شفٹس میں اپنے فرائض منصبی سر انجام دینے کے لئے موجود رہے گا تاکہ مسجد میں آنے والے نمازیوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔علاوہ ازیں اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مسجد کے اندر اور باہر روشنی کے مناسب اور جدید نظام کو یقینی بنانے کے لئے جدید سوڈیم اور سولر لائٹس بھی لگائی جائیں۔مزیدبرآں اجلاس میں شعبہ ڈی ایم اے کو بھی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ مسجد کی حدود کے اندر کسی بھی قسم کی پارکنگ کی کوئی فیس وصول نہ کی جائے اور نہ ہی کوئی لائسنس جاری کیا جائے تاکہ مسجد کی حرمت اور تقدس کو برقرار رکھا جاسکے۔