طالبان نے خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء  معطل کر دیا،میڈیا

May 07, 2022


  لاہور (نوائے  وقت رپورٹ )   طالبان نے مبینہ طور پر افغانستان کے دارالحکومت کابل اور دیگر صوبوں میں خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس  جاری کرنے بند کردیے۔طالبان حکام کی جانب سے سرکاری سطح پر اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ البتہ، مقامی میڈیا کے مطابق خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس  کے اجراء  کو روکنے کے حوالے سے زبانی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ہیرات کے ٹریفک منیجمنٹ انسٹیوٹ، جو ڈرائیونگ اسکول کی نگرانی کرتا ہے، کے سربراہ جان آغا اچکزئی کا کہنا تھا کہ انہیں خواتین کو لائسنس  جاری نہ کرنے کے حوالے سے زبانی احکامات جاری کیے گئے ہیں لیکن انہیں شہر میں خواتین کو گاڑی چلانے سے روکنے کی ہدایات نہیں دی گئیں ہیں۔گزشتہ برس اگست میں ملک کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سے طالبان پر عالمی برادری کی جانب سے خواتین کے حقوق سلب کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔ ان الزامات میں خواتین کے بغیر محرم نقل و حرکت اور لڑکیوں کی تعلیم روکنا شامل ہیں۔
مارچ میں طالبان نے ایئر لائنز سے کہا تھا کہ خواتین مرد محرم کے بغیر ملکی یا غیر ملکی پروازوں پر سوار نہیں ہوسکتیں۔اس ہی ہفتے طالبان نے لڑکیوں کے ہائی اسکول کو کھولنے کے متعلق اپنے عہد سے رْو گردانی کی، جس پر عالمی برادری نے مذمت کی۔ہیرات میں خواتین کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکسیوں میں سفر کرنے کے بجائے اپنی گاڑیوں میں سفر کرنے کو زیادہ محفوظ سمجھتی ہیں۔
 

مزیدخبریں