ملتان( خبرنگار خصوصی )سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ کپاس کا مستقبل تابناک ہے،کاشتکار پرجوش ہیں اور قیمتیں بھی گزشتہ سال کی طرح مستحکم رہنے کی امید ہے جس سے کاشتکاروں کو معقول منافع حاصل ہوگا۔کپاس کی کاشت جاری ہے اس موقع پر کاشتکاروں کی فیلڈ میں جاکر رہنمائی کی جائے۔مارکیٹ میں کپاس کے تصدیق شدہ بیج،کھادوں اوردیگر زرعی مداخل کی مقررکردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگریکلچر سیکرٹریٹ ملتان کے کمیٹی روم میں کپاس کے بیج وکھادوں کی دستیابی ونہری پانی کی صورت حال کاجائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب ڈاکٹر انجم علی بٹر نے بتایا کہ امسال کاشتکاروں کو کپاس کی 9اقسام کا تصدیق شدہ بیج 1000روپے فی بیگ سبسڈی کے حساب سے2لاکھ ایکڑ کیلئے فراہم کیا جارہا ہے۔صوبہ میں کپاس کا 30ہزار میٹرک ٹن بیج دستیاب ہے۔مارکیٹ میں معیاری بیج کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امسال صوبہ پنجاب میں 40لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقررکیا گیا ہے جبکہ پیداواری ہدف66لاکھ گانٹھ ہے۔ کاشتکاروں کو جدید کاٹن ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کیلئے کاٹن زون میں تحصیل کی سطح پر 70میڈیا وینز فراہم کی گئی ہیں۔ اس موقع پر محکمہ انہار کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور گلیشئرز کے پگھلنے سے آئندہ چند دنوں تک پانی کی صورت حال مزید بہتر ہوجائے گی۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے محکمہ انہار کے افسران کو کہا کہ نہری پانی کی صحیح صورت حال بارے روزانہ کی بنیاد پرمعلومات شئیر کی جائیں ۔
کپاس کا مستقبل تابناک،کاشتکاروں کو معقول منافع حاصل ہوگا:سیکرٹری زراعت
May 07, 2022