پاکستان چیمپئنز ٹرافی پر تحریری گارنٹی لیکر ورلڈ کپ کھیلنے آئیگا: بھارتی میڈیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کی بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے تحریری گارنٹی دی تو پاکستان ورلڈ کپ کھیلنے بھارت آئیگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ بھارتی بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار جے شاہ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کی تحریری گارنٹی مانگے گا۔ پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی ورلڈ کپ کیلئے ٹیم بھیجنے سے قبل تحریری گارنٹی لیں گے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے۔  ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ جے شاہ نے ایشیا کپ کیلئے ہائبرڈ فارمولے کی تصدیق نہیں کی، نجم سیٹھی دبئی میں آئندہ ہفتے کے دوران اے سی سی اور آئی سی سی عہدیداران سے ملاقات کر رہے ہیں۔ نجم سیٹھی یہ لابی بھی کریں گے کہ پاکستان بھارت میں ورلڈ کپ اس وقت تک کھیلنے نہیں جائیگا جب تک آئی سی سی اور بھارتی بورڈ تحریری گارنٹی نہیں دیں گے۔ پاکستان نے ایشیا کپ کے پاکستان اور دبئی میں نہ ہونے کی صورت میں ایشیا کپ میں شرکت کے معاملے پر اپنی حکومت سے ایڈوائس مانگی ہے، چیئرمین نجم سیٹھی ایشیا کپ کیلئے ہائبرڈ فارمولے کے علاوہ کوئی آپشن یا فیصلہ قبول نہیں کریں گے۔بھارتی میڈیا کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ایشیا کپ کہیں اور منعقد کرنے کا فیصلہ ہوا تو پاکستان اس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کریگا، پاکستان کرکٹ بورڈ زور ڈالے گا کہ ایشیا کپ حوالے سے تاخیر نہ کی جائے جلد وینیوز اور شیڈول کا اعلان کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن