مقبوضہ بیت المقدس (آئی این پی)مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی شہید ہوگئے۔فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج نے چھاپا مار کارروائی کے دوران فلسطینیوں پر فائرنگ کی۔فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق دونوں افراد کی عمر 22 سال تھی جنہیں سینے، پیٹ اور گردن میں گولیاں ماری گئیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی ہے۔ جبکہ دوسری جانب فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران غاصب صیہونیوں کے خلاف 241 کارروائیاں انجام دیں۔فلسطینی خبر رساں ایجنسی شہاب کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں غاصب صیہونیوں کے خلاف ریکارڈ توڑ 241 کارروائیاں انجام دیں۔ ان کاروائیوں میں فائرنگ، پٹرول بم کا استعمال اور شدید جھڑپیں شامل ہیں۔ اسکے علاوہ اسرائیل کے ایک ڈرون اور صیہونی فوجیوں کی 4 بکتر بند گاڑیوں کو بھی فلسطینی نوجوانوں نے تباہ کیا۔