نارنگ منڈی + گوجرانوالہ + حافظ آباد+نوشہرہ ورکاں (نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی) اسسٹنٹ کمشنر مریدکے زینب طاہر کی مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ذخیرہ کئے گئے گندم کے 20ہزار تھیلے برآمد کر کے قبضہ میں لے لئے‘ جن کی مالیت 10 کروڑ کے قریب بنتی ہے۔ یہ ایک ہفتے میں دوسری بڑی کارروائی ہے۔ کل 20 کروڑ مالیت کی 50ہزار من گندم قبضہ میں لی گئی ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری، صادق رائس ملز،گرین فورٹ سیڈ کمپنی، نیامت رائس ملز اور ناہرہ ملز اور نجی گوداموں سے 25 ہزارسے زائد بیگز گندم برآمد کر لئے۔ تمام برآمد کی گئی گندم تحویل میں لیتے ہوئے سرکاری گوداموں میں منتقل کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹر) ماریہ جاوید اور اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں اظہار طارق وٹو نے گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف تحصیل نوشہرہ ورکاں میں واقع (صادق رائس ملز، گرین فورٹ سیڈ کمپنی، نیامت رائس ملز اور ناہرہ ملز) کے خلاف کارروائی کی۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز (نوشہرہ ورکاں اظہر طارق وٹو، کامونکی خرم مختار بھنگو، صدر میاں توصیف احمد) نے بھی نجی گوداموں اور ملوں میں چھاپے مار کارروائیاں کیں۔ ان تمام کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 25ہزار سے زائد گندم کے بیگز برآمد کیے گئے۔ قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) وقاص سکندری نے تحصیل سٹی کے علاقہ میں موجود ملوں میں چھاپے مار کارروائیاں کیں، اس دوران حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق مقررہ ہدف سے زائد گندم ذخیرہ کرنے پر 5ملوں کو موقع پر سیل کر دیا اور زائد گندم کو قبضہ میں لیتے ہوئے سرکاری گوداموں میں منتقل کروا دیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عمر فارو ق وڑائچ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پاسکو کے افسران نے گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 45ہزار بوریاں برآمد کر کے گودام سیل کر دیئے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں راشد اقبال نے جلالپور بھٹیاں، سکھیکی اور دیگر علاقوں میں گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف گوداموں پر چھا پے مارے جہاں انہوں نے گندم کی 36ہزار بوریاں برآمد کر لیں۔ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد منور حسین نے بھی مختلف علاقوں میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف گوداموں سے ذخیرہ کی جانے والی گندم کی 9ہزار بوریاں بر آمد کر کے گودام سیل کر دیئے۔
نارنگ‘ گوجرانوالہ‘ حافظ آباد سے کروڑوں روپے کی گندم برآمد‘ گودام اور ملیں سیل
May 07, 2023