وکلاء پر پولیس کا تشدد : پنجاب بار کونسل‘ لاہور بار کا کل ہڑتال کا اعلان

May 07, 2023

لاہور (خبر نگار) وکلاء پر پولیس تشدد کے خلاف پنجاب بار کونسل، لاہور بار ایسوسی ایشن سراپا احتجاج، پنجاب بار کونسل کے وائس چیئر مین بشارت اللہ خان ، چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی طاہر شبیر چودھری، ممبران بار کونسل سمیت دیگر نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے کہ لاہور میں یاسر انور ایڈووکیٹ کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت ڈکیتی کی ایف آئی آر تھانہ سبزہ زار میں وکلاء پر تشددکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وکلاء پر ایسے اوچھے ہتھکنڈے قابل تشویش ہے۔ واقعہ کے خلاف ارباب اختیار کو نوٹس لینا چاہئے، انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ واقعہ پر ایس ایچ او سبزہ زار کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئے اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر اسے معطل کر کے انضباطی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وکلاء کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر فی الفور ختم کی جائے۔ اس حوالے سے کل بروز سوموار کو مکمل ہڑتال ہو گی۔ انہوں نے حکومت کو تنبہہ کی کہ اگر ایس ایچ او کے خلاف کارروائی عمل میںنہ لائی گئی تو وکلاء راست اقدام اٹھائیں گے۔ اس حوالے سے گذشتہ روز وکلاء پر پولیس تشدد کے خلاف لاہور بار ایسوسی ایشن کی کال پر ایوان عدل، ضلع کچہری، کینٹ کچہری، ماڈل ٹائون کچہری میں پولیس کا داخلہ بند کر دیا گیا اور سیشن اور سول کورٹس کے گیٹ بند کر دیئے گئے۔

مزیدخبریں