چینی وزیر خارجہ چن گانگ کی صدر عارف علوی سے ملاقات

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ چِن گانگ کی صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کے دوران پاکستان اور چین نے علاقائی امن اور خوشحالی کے فروغ اور بیرونی چیلنجوں سے مشترکہ طور پر نمٹنے، علاقائی امن اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے مشترکہ فائدے کیلئے تجارت، معیشت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں کے علاوہ عوامی روابط اور ثقافت و سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیاگیا۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) اور گوادر بندرگاہ کی تکمیل کیلئے پرعزم ہیںاور یہ علاقائی تجارت اور روابط کو بڑھانے کے علاوہ دو طرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔چن گیانگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی سدا بہار ہے اور ’’چٹان کی طرح مضبوط‘‘ ہے۔
 تیزی سے بدلتی ہوئے عالمی حالات کے پیش ِنظر پاکستان اور چین کو ابھرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔اس دوستی کی پائیداری کا ثبوت یہ ہے کہ یہ دوستی حکومتی سطح پر ہی نہیں عوامی سطح پر بھی ہے۔ حکومتیں اور حکومتی پالیسیاں تبدیل ہوتی رہتی ہیں لیکن عوامی سطح پر رشتے مضبوط اور گہرے رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ دوستی مزید مستحکم ہو رہی ہے۔عوامی سطح پر دوستی کو مزید گہرا کرنے کیلئے پاکستان کی مختلف یونیورسٹیز میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اور چائنیز ریسرچ سینٹرز جبکہ چین میں پاکستانی ریسرچ سینٹرز اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تزویراتی اہمیت کے حامل منصوبوں پرجو تعاون کو دیکھنے میں آرہا ہے‘ وہ بھی اپنی مثال آپ ہے۔ بدقسمتی سے سابقہ حکومت کی پالیسیوں کے پاک چین تعلقات میں کچھ غلط فہمیاں پیدا ہوئیں جس کے باعث سی پیک منصوبہ متاثر ہوا ۔موجودہ دور حکومت میں اس منصوبے پر پیش رفت ہوتی نظر آرہی ہے۔ گزشتہ روز چینی وزیر خارجہ چِن گانگ نے بھی دفاع کے شعبوں سمیت سی پیک اور گوادر بندرگاہ کو تکمیل تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیاہے۔ خطے میں پاک چین دوستی امن ‘ ترقی اور خوشحالی کی ضمانت بن چکی ہے اور یہ تعاون خطے میں مزید استحکام لائے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن