لاہور(خبرنگار)نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم مراد نے چیئرمین پاکستان ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستانی طلبہ و طالبات کو بین الاقوامی معیار کی اعلی تعلیم کے مواقع مہیا کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ پاکستان ہائر ایجوکیشن کمشن ملک میں اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے ادارے بین الاقوامی سطح کے نصاب کی تعلیم دیں۔نگراں وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے کہا کہ عالمی معیشت تیزی سے مہارت پر مبنی روزگار پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم دینے اور ان کے علم و ہنر کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔