لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آئندہ سالانہ انتخابات میں ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کیلئے سب سے بڑے گروپ ”فاﺅنڈر“ نے گزشتہ روز باضابطہ طور پر مہم کا آغاز کر دیا۔ سینئر تاجر رہنما اور سابق صدر لاہور چیمبر شہزاد علی ملک (ستار امتیاز) نے یہاں گروپ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ کی طرح تاجر برادری کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتے رہیں گے اور تاجر برادری کو عزت و احترام سے نوازتے رہیں گے کیونکہ وہ قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مہم کے پہلے مرحلے کے دوران ہم تمام بڑی مارکیٹوں کے دورے کر کے مقامی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ فاﺅنڈر گروپ نے قائدین کو اعتماد میں لیتے ہوئے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ لاہور چیمبر کے الیکشن میں صرف کاروباری برادری میں اچھی شہرت کے حامل، دیانتدار، انتہائی اہل اور جیتنے کی صلاحیت رکھنے والے امیدواروں کو ٹکٹ دیئے جائیں گے۔ معیشت کے فروغ اور تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کو پیش کرنے کیلئے تجاویز اور سفارشات تیار کرتے وقت سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ منتخب ہونے کے بعد وہ تمام چیمبرز اور منسلک ایسوسی ایشنز کا کنونشن منعقد کریں گے تاکہ ان کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکے اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ لاہور چیمبر کے سابق صدور میاں مصباح الرحمان، شیخ محمد آصف، الماس حیدر، عبدالباسط اور شیخ شاہد حسن سمیت بڑی تعداد میں تاجر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔
لاہور چیمبر انتخابات:ووٹرز کی حمایت کیلئے فاﺅنڈرگروپ نے مہم کا آغازکردیا
May 07, 2023