لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ عوام کمرتوڑ مہنگائی اور نااہل حکمرانوں سے تنگ آچکی ہے۔ نااہل حکمران کا مسلط کردہ مہنگائی کے شدید عذاب نے لوگوں کوفاقہ کشی اور خودکشیاں کرنے پر مجبور کردیا ہے۔آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے پاکستان کوہر شعبے میں خطے کا سب سے پسماندہ ملک بنا یا ہے۔ ہر طرف لوٹ مار اورجھوٹ کا کاروبار جاری ہے۔ جب حکمران کا دل عوام کی ہمدردی اور آنکھ حیا سے عاری ہو جائے تو عوام کو اپنے حقوق کیلئے گھروں سے باہر نکلنا فرض ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ظالم حکمرانوں نے عام آدمی سے 2 وقت کی روٹی اور ان کے بچوں کیلئے سرکاری سکولوں سے مفت کتابیں چھین لی ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کا حلقہ لاہو رکی تمام قیادت کے اجلاس میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔
عوام کمرتوڑ مہنگائی نااہل حکمرانوں سے تنگ آچکی : ضیاءالدین انصاری
May 07, 2023