برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے شاہی تاج سر پر سجالیا، آرچ آف کینٹربری نے شاہ چارلس سے حلف لیا،کوئین کونسورٹ کمیلا کی بھی تاج پوشی کی گئی۔تاہم مہنگائی کے عالم میں اتنی مہنگی تقریب پر امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے سوال اٹھا ديے اور سروے نکال کر لے آیا کہ برطانیہ کے جوان لوگوں میں ستر فیصد افراد کو شاہی خاندان سے کوئی دلچسپی ہی نہیں۔ایسے میں تاج پوشی کی رسم پر ساڑھے بارہ کروڑ ڈالرز یعنی چھتیس ارب روپے جھونک دیے گئے، وہ بھی اس وقت جب برطانیہ شدید ترین مہنگائی کی زد میں ہے۔مہنگائی کے باعث ہی میڈیکل اسٹاف اور اسکول ٹیچر خیراتی کھانا کھانے پر مجبور ہیں۔امریکی میڈيا رپورٹ کے مطابق برطانوی تاج میں جڑے ہیرے لوٹ کا مال ہیں ، برطانوی ٹیکس دہندگان سمجھتے ہیں کہ تاج پوشی ہونی ہے تو بادشاہ کے اپنے پیسوں سے ہونی چاہیے۔برطانوی شہریوں کو بادشاہ کی آمدنی ٹیکس فری ہونے پر بھی اعتراض ہے، متعدد یورپی ممالک تاج پوشی کی رسم ترک کرچکے ہیں۔