سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو کوئی مہمان نوازی نہیں آتی۔
گزشتہ روز لاہور میں پی ٹی آئی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے بھارتی وزیر خارجہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جے شنکر نے جس طرح کی زبان استعمال کی اس سے اندازہ ہوگیا کہ اُسے مہمان نوازی کے آداب نہیں آتے کیونکہ مہمان کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرتے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بلاول کو شنگھائی اجلاس میں پوری تیاری کے ساتھ جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے جانے سے پہلے کسی سے پوچھا؟سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ شہباز شریف عوام کو مہنگائی کے سیلاب میں چھوڑ کر برطانیہ کیا لینے گئے اور کس طرح چلے گئے؟ ان کا علاج، کاروبار اور بچے سب کچھ باہر ہے اور انہیں پاکستان کے عوام کی کوئی پروا نہیں ہے۔
اس حوالے سے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میرے بلاول سے لاکھ اختلافات ہوں لیکن ہمارے وزیر خارجہ نے اچھا پیغام دیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے بھی جے شنکر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کے وزیر خارجہ نے جو بیان دیا وہ ان کو زیب نہیں دیتا۔ میزبانی کے آداب ہوتے ہیں جو بھارت نے نہیں اپنائے۔