اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی رہنمائوں کے اشتعال انگیز بیانات اور بلاجواز دعوے علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ بھارت کشمیریوں کو اپنی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل کرنے کے لئے کوششیں اور کشمیری عوام کو منظم طریقے سے ان کے بنیادی حقوق اور آزادی سے محروم کر رہا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیمبیا کے شہر بنجول میں 15ویں اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی رابطہ گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر میں سیاسی اور سکیورٹی ماحول اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل سیاسی امور اور سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں رابطہ گروپ کے رکن ممالک پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، نائیجر اور آذربائیجان کے نمائندے شریک ہوئے۔ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی رہنمائوں کے اشتعال انگیز بیانات اور بلاجواز دعووں کا نوٹس لے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، کالعدم سیاسی جماعتوں پر سے پابندیاں اٹھائے، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اور اس کے بعد کے اقدامات جن کا مقصد آبادیاتی تبدیلی اور سیاسی انجینئرنگ ہے، کو منسوخ کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔ بیان کے مطابق مختلف رکن ممالک کے وفود نے او آئی سی کے ایجنڈے میں تنازعہ جموں و کشمیر کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مطابق کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے جائز جدوجہد کی حمایت کا اظہار کیا۔
نئی دہلی 5اگست کے اقدامات منسوخ کرنے آزاد کشیمیر سے متعلق بھارتی بیانات امن کیلئے سنگین خطرہ اسحاق ڈار
May 07, 2024