لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر انسداد منشیات مہم میں پنجاب پولیس کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پولیس نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائی کرنے والے سب سے بڑے جارڈن گینگ کو گرفتار کرکے کروڑ روپے کی منشیات برآمد کر لیں۔ جارڈن گینگ لاہور میں منشیات سپلائی کرنے والا پراسرار اور بااثر گینگ سمجھاجاتا ہے جو میکسیکو اور دیگر ممالک سے منشیات سے بھری امپورٹڈ چاکلیٹ کوریئر سروسز کے ذریعے بیچ رہا تھا۔ ماری جوانا، آئس، چرس، افیون اور دیگر منشیات امپورٹڈ پیکنگ میں مہیا کی جاتی تھیں۔ جارڈن کے نام سے سرگرم عمل محمد ایوب پاکستان میں مختلف ذرائع سے منشیات سپلائی کررہا تھا۔ جارڈن گینگ کے محمد علی، عزیز، محمد ندیم، ثمینہ افتخار، ثناء اور فاطمہ زاہرہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ سنٹرل ایشیا، کینیڈا، میکسیکو اور دیگر ممالک سے چاکلیٹ، ٹافی وغیرہ کی شکل میں منشیات بھیجی جاتی تھی۔ ملزم فیک آئی ڈی کے ذریعے پاکستان میں موجود سپلائر سے رابطہ کرکے منشیات مہیا کررہے تھے۔ پنجاب پولیس نے مریم نواز شریف کی ہدایت پر خصوصی آپریشن کیا اور آئی ٹی اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا۔ ڈی ایچ اے فیز6میں جارڈن گینگ کے پانچ رکن اور 9گن مین پکڑے گئے۔ مریم نواز شریف نے پولیس ٹیم کو سی ایم آفس بلواکر شاباش دی اور پولیس کو سراہا اور محنت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس ٹیم کے ساتھ فوٹو بنوایا۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے پاکستان آنے والے سعودی سرمایہ کاری وفد کا خیر مقدم اور پاک سعودی انویسٹمنٹ کانفرنس کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان آنے والے سعودی سرمایہ کاروں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ سعودی عرب سے تاریخی برادرانہ رشتہ، معاشی تعلقات میں تبدیل ہورہا ہے۔ سعودی عرب پاکستان کا ہر دور میں قابل اعتماد برادر ملک رہا ہے۔ پاک سعودی عرب انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد خوشحالی کی نوید ہے۔ 30سعودی کمپنیوں کے 50رکنی وفد کی آمد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان سے لگاؤ کا واضح ثبوت ہے۔ سعودی اور پاکستانی سرمایہ کاروں کے درمیان براہ راست ایگریمنٹ خوش آئند امر ہے۔ مریم نواز شریف سے پنجاب بھر میں تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنروں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے خطاب میں میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ افسر عوام کی زندگی میں آسانیاں اور سہولت لائیں۔ عوام کی خدمت کا ایجنڈا ہر صورت پورا کیا جائے۔ کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ عوام کی خدمت افسروں کی ذمہ داری ہی نہیں، فرض اولین ہے۔ ذمہ داری دی نہیں جاتی بلکہ از خود ذمہ داری لی جانی چاہیے۔ ینگ افسروں کو پرفارمنس سے خود کو ثابت کرنا ہوگا۔ عوامی نمائندوں کی عزت کی جائے، غلط بات میرے سمیت کسی کی نہ مانیں۔ حکومت کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے لیکن انسانی وقار کو بھی برقرار رکھا جائے۔ جائز کام ہر ایک کا کیا جائے، ناجائز کام کسی کا نہیں کرنا۔ ایجوکیشن، ہیلتھ، پرائس کنٹرول سمیت تمام امور پر پوری توجہ دی جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر متعلقہ علاقوں میں 16روپے کی روٹی اور 20روپے نان کی فروخت یقینی بنائیں۔ مصنوعی مہنگائی کو پرائس کنٹرول میکانزم کے ذریعے کم کیا جائے۔ پراونشنل انفورسمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کی مختلف ٹاسک میں معاونت کرے گی۔ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ پنجاب کے کسی علاقے میں ٹوٹی گلیاں، کھڑا پانی اور ابتر صفائی نہیں دیکھنا چاہتی۔ ہسپتالوں میں علاج کی سہولتوں کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے۔ عوام کے لئے دروازے کھلے رکھیں اور ان کی بات سنیں۔ میرے اسسٹنٹ کمشنر میرے آنکھیں، کان اور بازو کے مترداف ہیں۔