گندم درآمد کا فیصلہ قفاق کرتا ہے ، پنجاب کا تعلق نہیں محسن نقوی 

May 07, 2024

اسلام آباد+ سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا کہ گندم درآمد کے معاملے  پر لوگوں کی خواہش ہے کہ میرے خلاف کارروائی ہو مگر یہ خواہش پوری نہیں ہوگی، گندم درآمد کا فیصلہ وفاق کرتا ہے، پنجاب حکومت کا کوئی تعلق تھا نہ بنتا ہے۔ لاہور میں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے مزید کہا  پنجاب حکومت کا گندم کے معاملے سے کوئی تعلق تھا نہ ہی بنتا ہے، پنجاب حکومت گندم کسانوں سے خریدتی  ہے بیرون ممالک  سے نہیں، میرا  ذاتی خیال ہے کہ اس معاملے میں وفاقی حکومت کی بدنیتی نہیں تھی۔ نئی سائبر باڈی بن رہی ہے، تاہم سائبر ونگ  بھی اپنا کام کرتا  رہے گا، ہم انسداد منشیات کے حوالے سے نئی حکمت عملی بنارہے ہیں۔ سینیٹر محسن نقوی نے کہا کہ ضرورت کے مطابق پاسپورٹ آفس کے اوقات کار بڑھائیں گے، ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کسی صورت میں جاری نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپریل کے مہینے میں لیسکو میں کوئی اووربلنگ نہیں ہوگی، 31 کروڑ یونٹس کا ریلیف صارفین کو  واپس کیا گیا، عوام  پر بلاوجہ کا بوجھ نہیں ڈال سکتے، اضافی بل ہر صورت میں واپس کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ لاہور ائیرپورٹ کی توسیع  اگلے چند ہفتوں میں شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ آفس چلے جائیں آپ کو سڑک پر بیٹھا مافیا نظر نہیں آئے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی اور وفاقی وزیر ایوی ایشن و دفاع خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ ائرپورٹ  پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لئے موجود سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے  مسافروں کی آسانی کے لئے سہولتیں بڑھانے کا حکم  دیدیا۔ پیر کو وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی اور وفاقی وزیر ایوی ایشن و دفاع خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ ایئرپورٹ کا 2 گھنٹے تک تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر  وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا  بیرون ملک جانے والے مسافروں کو امیگریشن کے لئے 60 منٹ تک انتظار کرنا پڑتا ہے، مسافروں کے لئے امیگریشن  کائونٹرز میں اضافے کیا جائے گا تاکہ انہیں انتظار نہ کرنا پڑے۔  وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ائیرپورٹ  بندش کے دوران  ہی امیگریشن کائونٹرز بڑھانے کا حکم  دیتے ہوئے کہا کہ امیگریشن کے 12 کائونٹرز ائیرپورٹ دوبارہ کھلنے پر فعال ہونے چاہئیں۔ اس موقع پر  وفاقی وزیر ایوی ایشن و دفاع خواجہ محمد آصف  نے کہا  مسافروں کی سہولت کیلئے سرچ کے عمل کو آسان بنایا گیا ہے، سیالکوٹ ائرپورٹ پر اے این ایف، کسٹمز اور اے ایس ایف  مسافروں کو 3 مقامات نہیں بلکہ ایک ہی جگہ چیک کرتے ہیں۔ دریں اثناء وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے ملاقات کی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے‘ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ فرانسیسی سفیر نے سفارتی تعاون میں مزید بہتری کیلئے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں