کسان گندم اونے پونے فروخت کرنے پر مجبور

May 07, 2024

محمد سلیمان بلوچ 

محمد سلیمان بلوچ 

خوراک کے بغیر انسانی زندگی کا تصور نا ممکن ہے اور خوراک بھی وہ جو صحت مند ہو نے کے سا تھ ساتھ ضروری غذائیت سے بھر پور ہو کیونکہ ایسی ہی غذا کے بتیجے میں کسی بھی قوم کی مجموعی استعداد اور قوت عمل ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہے صحت مند اور غذائیت سے بھر پور خوراک کی بروقت فراہمی ہر انسان کا بنیادی حق ہے زمین پر سورج کی پہلی کرن پڑنے سے پہلے کسان آلات اٹھاکرفصلوں کی طرف رخ کرتاہے  اور نئے دن کے آغاز پر پْرامید پْر عزم اور نئے حوصلے کے ساتھ زمین میں محبت کا بیج بوتاہے اور اپنے خون پسینے سے آبیاری کر کے پودوں کو پروان چڑھاتا ہے اس یقین کے سا تھ کہ اسکی محنت کا پھل صرف ان کے لئے نہیں بلکہ پورے ملک کی معیشت کو استحکام پہنچانے میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کررہاہے پاکستان کی تقریباّ 37فیصد آبادی براہ راست زراعت سے منسلک ہے اور کسان ہمارے ملک کی معیشت میں تقریباّ23فیصد کردار ادا کرتے ہیں زمین کی تیاری اور بیج کی بوائی سے لیکر کھادوں اور پروڈکٹس کی خریداری ،بدلتے موسموں حالات،سیلاب آندھی اور طوفان جیسی مشکلات کو پْر عزم،بلند ہمت اور حوصلے کے ساتھ سا منا کر تا ہے اس کے باوحود زراعت کے شعبہ پر حکومتی اداروں کی توجہ نہ ہونے کے برابر ہے اگر موجودہ حالات میں گندم کی کاشت پر نظر دوڑائیں تو گندم کی بوائی سے لیکر تیاری تک مہنگی کھادیں،ڈیزل،بجلی اور زرعی ادویات کے استعمال سے ہزاروں روپے خرچہ آتا ہے اس امید پر کہ انکی محنت کا اچھا معاوضہ ملے گا مگر حکومت کی غلط پالیسیوں اور محکمہ خوراک ، پاسکو کے افیسران و عملہ کے رحم و کرم پر چھوڑنے سے کسانوں کا نہ صرف کسا نوں کا استحصال کیا جارہا بلکہ کسان گندم اونے پونے داموں فروخت کرنے پر مجبور ہیں ۔فوڈسنٹروں کے انچارجوں نے باردانہ حقیقی کاشتکاروں و کسا نوں کو دینے کی بجائے مڈل مینوں،آڑہتیوں سے ملی بھگت کر کے  معاملات طے کر رہے ہیں باردانہ کے حصول کا پیچیدہ طریقہ کار سے سادہ لوح کسان واقفیت نہ رکھنے سے فو ڈ سنٹروں کے چکر پہ چکر لگانے اور دھکے کھانے پر مجبور ہیں  ۔کسانوں اور کسان تنظیموں کی طرف سے ان ظالمانہ اقدامات اور مقررہ ریٹ پر گندم نہ خریدنے پر روڈوں اور ایوانوں کے سامنے احتجاج کر رہے ہیں مگر حکومت کسانوں کی صدائیں سننے کی بجائے ان پر لاٹھی چارج اور گرفتاریاں کر رہی کسان جو کہ ہمارا محسن ہے اگر محسن کے سا تھ ایسا سلوک روارکھا جارہا ہے تو وہ وقت دور نہیں جب کسان دلبرداشتہ ہو کر گندم کی کاشت کرنا چھوڑ دے ایک زمانے سے سنتے آئے ہیں کہ حکومت ماں کی طرح ہوتی ہے اور اپنے شہریوں کی بچوں کی طرح دیکھ بھال کرتی ہے جونہی اسے احساس ہوتا ہے کہ اس کے بچوں کو گزند پہنچنے والی ہے یا پہنچ رہی تو وہ اپنے پر پھیلا کر ان کی حفاظت کے لئے پہنچ جاتی ہے اب ایسا محسو س ہو رہا ہے کہ حالات بڑی حد تک تبدیل ہوچکے ہیں اور  حکومت نے سوتیلی ماں کاروپ دھار لیا ہے اور اس کی ممتا سنگدلی میں بدل گئی ہے حکومت کسانوں کو پر پھیلا کر ریلیف جیسے اقدامات کی بجا ئے سوتیلی ماں کا روپ دھار کر ان پر لاٹھیاں بر سا رہی ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ کسانوں کا استحصال نہ ہونے دے خدانخواستہ اگر زراعت کا شعبہ جو کہ ہماری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی  کی حیثیت رکھتا ہے اسے سنبھا لا نہ گیا  تو ملکی معیشت جو کہ پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہے دھڑام سے نیچے آگرے گی حکومت کو چاہیئے کہ وہ گندم کی خریداری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے اور اس بات کو تقینی بنائے کہ کسانوں سے مقرر کردہ نرخ پر گندم خرید کرے تاکہ اگلی فصل پر گندم کی بوائی کی حوصلہ شکنی نہ ہو ۔

مزیدخبریں