اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ماساتسوگواسکاوا، صدر، ایشین ڈویلپمنٹ بنک نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ کی قیادت میں پاکستانی وفد کے ساتھ اپنی ملاقات میں اے ڈی بی کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ یہ ملاقات بورڈ آف گورنرز کے 57ویں سالانہ اجلاس کے ضمن تبلسی میں ہوئی۔ صدر اے ڈی بی نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور حکومت کی طرف سے ملک میں میکرو اقتصادی استحکام لانے کے لیے اٹھائے گئے ضروری سخت استحکامی اقدامات کو سراہا۔ صدر اے ڈی بی نے پاکستان کو عوامی و نجی شراکت داری، موسمیاتی اور آفات کے خلاف قوت میں اضافہ، مقامی وسائل کے متحرک کرنے، خواتین کے مالی شمولیت کے فروغ اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے شعبوں میں اپنی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔ وزیر احد چیمہ نے پاکستان کے لیے اے ڈی بی کی دیرینہ اور فراخدلانہ حمایت کو سراہتے ہوئے صدر کو حکومت کی جانب سے متعارف کی گئی۔ اصلاحات کے سلسلے کے بارے میں بتایا۔ اہم اصلاحات میں ٹیکس آمدنی میں اضافہ، توانائی کے شعبے کی مالی پائیداری کو بہتر بنانا، غیر ہدفی سبسڈیز میں کمی اور سماجی تحفظ کو وسعت دینا شامل ہیں۔ وزیر احد چیمہ نے اے ڈی بی کی جاری ادارہ جاتی اور سرمایہ اصلاحات، کیپٹل ایڈیقویسی فریم ورک کے کامیاب جائزے کی تکمیل، اور اگلے 10 سالوں میں ترقی پذیر رکن ممالک کی حمایت کے لیے اضافی 100 بلین ڈالر کے حصول پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے اے ڈی بی سے درخواست کی کہ وہ اضافی وسائل کو زیادہ اثر انگیز مداخلتوں، بشمول موسمیاتی اقدامات، سب سے زیادہ کمزور ممالک کے لیے استعمال کرے۔