یوٹیلٹی سٹور پر اشیاء عام مارکیٹ سے مہنگی 

کراچی (کامرس رپورٹر) یوٹیلٹی سٹورز پر حکومتی سبسڈی کے باوجود عوام کو آٹا سمیت دیگر اشیاء خور ونوش عام مارکیٹ سے زائد قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آنا شروع ہو گئی ہے تاہم یوٹیلٹی سٹورز پر بدستور مہنگا دستیاب ہے جب کہ چینی، چاول، گھی کی قیمتیں بھی زیادہ ہیں۔ عام مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2062 روپے کا فروخت ہو رہا ہے جب کہ یوٹیلٹی سٹورز پر بدستور سابقہ قیمت 2840 میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا عام مارکیٹ سے 778 روپے مہنگا ہے۔ یوٹیلٹی سٹور پر چینی عام مارکیٹ سے 10 روپے 37 پیسے فی کلو مہنگی فروخت کی جا رہی ہے جبکہ دوسرے درجے والا گھی کا پیکٹ بھی بازار سے 9 روپے 64 پیسے فی کلو مہنگا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر سیلا چاول عام مارکیٹ سے فی کلو 31 روپے 39 پیسے، باسمتی چاول فی کلو 2 روپے 47 پیسے اور ٹوٹا باسمتی چاول بازار سے 2 روپے 50 پیسے فی کلو مہنگا فروخت کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن