گوجرانوالہ:ڈپٹی کمشنرکی زیرصدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس 

May 07, 2024

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی کے زیرصدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس 29پیٹرول پمپس، زرعی دکانوں، کمرشل مارکیٹس ، دکانوں اور شوروم وغیرہ کے کیسز کی منظوری دے دی گئی ، 16 کیسز کی تازہ رپورٹس طلب کرتے ہوئے آئندہ اجلاس تک کیسز کو موخر کردیا ۔اجلاس میں مجموعی طور پر ضلع کونسل کے 55 کیسز منظوری کے لیے پیش کیے گئے تھے۔ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ تمام محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ قانونی تقاضے پورے کرنے والے کیسز(درخواستوں)کو جلد نمٹایا جائے، بلا جواز ایک دن کا بھی التوا برداشت نہیں کیا جائے گا۔ نئے کاروبار کی اجازت سے جہاں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے وہاں غیر قانونی تعمیرات کی حوصلہ شکنی ہو گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے ویژن آسان کاروبار کو عملی جامہ پہنانے کے لیے عرصہ دراز سے مختلف محکموں میں زیر التوا درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد اجازت نامے جاری کیے جارہے ہیں،ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس میں پیٹرول پمپس، شورومز، کمرشل مارکیٹوں، شاپنگ سنٹرز، زرعی گوداموں سمیت دیگر کٹیگریز کے 55 کیسز منظوری کے لیے پیش کیے گئے جن میں سے 29 درخواستوں کو تمام قانونی تقاضے پورے کرنے پر این او سی جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی جبکہ 16 کیسز کو متفرق اعتراضات جن میں نقشہ کی منظوری سے قبل تعمیر، رولز کے مطابق سیٹ بیک نہ چھوڑنا، شیڈول ریٹ کی عدم موجودگی، روڈ کی چوڑائی اور موقع پر اراضی کمی بیشی پر آئندہ اجلاس تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے موخر کردیا گیا۔

مزیدخبریں