توشہ خانہ ریفرنس:احتساب عدالت کا نواز شریف کی بریت کی درخواست پر 23 مئی کو دلائل کیلئے نوٹس

May 07, 2024 | 16:56

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی بریت کی درخواست پر 23 مئی کو دلائل دینے کیلئے نوٹس جاری کردیئے۔ منگل کو احتساب عدالت اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری ، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس پر سماعت ہوئی۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے ان کے پلیڈر رانا محمد عرفان پیش ہوئے اور توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں نواز شریف کی جانب سے بریت کی درخواست دائر کردی۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس درخواست کو نیب ہیڈ کوارٹر بھجوا دیتا ہوں ، شارٹ نوٹس کردیں۔ احتساب عدالت نے نواز شریف کی بریت کی درخواست پر دلائل کیلئے 23 مئی کے نوٹس جاری کردیئے ۔وکیل ارشد تبریز نے کہا کہ صدر آصف علی زاردی کو صدارتی استثنیٰ حاصل ہے ان کی حد تک کیس نہیں چل سکتا۔ نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ صدراتی استثنیٰ کے حوالے سے درخواست مل گئی اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت 3 جون تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں