”مہنگائی‘ پٹرول بم“ حکمران عوام کی کمر توڑنے کے بجائے عیاشی بند کریں: سیاسی رہنما

لاہور (خبر نگار خصوصی) وقت نیوز کے پروگرام ”بروقت“ میں شرکاءنے ملک میں مہنگائی کے رجحان کو حکومتوں کے لئے امتحان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کو عوام دشمن اقدامات کے ذریعہ ان کی کمر توڑنے کی بجائے اپنی عیاشیاں بند کرنی چاہئیں اور عوام کے اندر پیدا شدہ غیض و غضب کا ازالہ نہ ہوا تو حالات کے ذمہ دار حکمران خود ہوں گے۔ بڑھتی ہوئی کرپشن‘ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہو رہا‘ نااہل اور کرپٹ لوگوں کی اہم حکومتی عہدوں پر تعیناتیوں کا سلسلہ جاری ہے‘ شرکاءمیں مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک اور جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرید پراچہ جبکہ پنجاب کے وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ نے ٹیلی فون پر اپنی پارٹی اور حکومت کا موقف پیش کیا۔ پروگرام کے پروڈیوسر میاں شاہد ندیم اور اسسٹنٹ پروڈیوسر محمد عارث انصاری‘ میزبان سلمان غنی تھے۔ رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے مہنگائی کا 90 فیصد ذمہ دار وفاقی حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ذمہ داری صرف 10 فیصد ہے۔ مڈٹرم انتخابات کوئی گناہ نہیں‘ عوام کے مسائل کی ذمہ داری سیاسی جماعتوں کی ہے‘ چینی کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کے لئے چیلنج ہے‘ شہباز شریف نے چار ماہ قبل حکومت کو مکتوب بھجوائے تھے کہ چینی امپورٹ کی جائے۔ پنجاب حکومت سکینڈل فری حکومت ہے‘ ہمارے پاس مہنگائی کنٹرول کرنے کا سسٹم موجود ہے۔ تنویر اشرف کائرہ نے کہا مہنگائی کی ذمہ دار وفاقی حکومت نہیں‘ مہنگائی کنٹرول کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے‘ ہم پر عدم کارکردگی کا الزام لگانے والے نوازشریف خود پنجاب حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں؟ مہنگائی کے کنٹرول کے لئے میکانزم موثر بنانے اور ٹاسک فورسزکو بروئے کار لانا چاہئے۔ فرید پراچہ نے کہا کہ مہنگائی کی آگ کی ذمہ دار صرف حکومت نہیں اپوزیشن بھی ہے‘ غریب آدمی زندہ درگور ہو گیا‘ عوام پر پٹرول بم چلا دیا گیا‘ نوازشریف صرف ایک بیان دے کر سرخرو ہو گئے‘ یہ عوام سے مخلص ہوں تو بیرون ملک پڑے اپنے اربوں کے اثاثے سامنے لائیں۔ حکومت کو خارجی نہیں داخلی خطرہ ہے‘ ہم سمجھتے ہیں کہ تبدیلی اسی سسٹم کے تحت ہونی چاہئے اگر آپشنز مڈٹرم الیکشن یا مارشل لا ہوں تو ہم مڈٹرم کی حمایت کریں گے۔ دہشت گردی پر حکومتی نااہلی کھل کر سامنے آ گئی ہے‘ دہشت گردوں کا تعلق اسلام سے ہے نہ انسانیت سے‘ ان کا ایجنڈا اسلام اور پاکستان دشمنی ہے۔

ای پیپر دی نیشن